پاکستان قونصلیٹ جدہ کی نئی عمارت کا میڈیا دورہ، جدید سہولیات پر تفصیلی بریفنگ

جدہ (عدیل نزیر) سعودی عرب میں پاکستان کے نئے تعینات قونصل جنرل، سید مصطفیٰ ربانی نے جدہ میں مقیم پاکستانی میڈیا نمائندگان کو پاکستان قونصلیٹ جنرل جدہ کی نئی عمارت کے خصوصی دورے کی دعوت دی۔

اس موقع پر میڈیا نمائندگان کو قونصلیٹ کی جدید عمارت، مختلف شعبہ جات اور فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ کروایا گیا۔ پروگرام میں کانفرنس روم میں بریفنگ سیشن اور ہائی ٹی کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔

تقریب میں غلام حسین، ہیڈ آف چانسلری (HOC)، عاقب اقبال ویلفیئر قونصلر، سعدیہ خان کمرشل قونصلر، محمد عرفان پریس قونصلر سمیت قونصلیٹ کے دیگر افسران اور عملے نے شرکت کی، جبکہ پاکستان کے مختلف بڑے میڈیا ہاؤسز کے نمائندگان کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

قونصل جنرل سید مصطفیٰ ربانی نے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے بتایا کہ نئی عمارت کا ابتدائی ہینڈ اوور مرحلہ کامیابی سے مکمل ہو چکا ہے، جبکہ اب منصوبہ حتمی حوالگی کے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مرحلے میں معمولی تکنیکی اور انتظامی خامیوں کی نشاندہی اور ان کے ازالے پر کام جاری ہے۔

بعد ازاں غلام حسین (ہیڈ آف چانسلری) نے قونصلیٹ کی نئی عمارت اور اس میں موجود سہولیات کے حوالے سے تفصیلی پریزنٹیشن پیش کی۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبے کا کل رقبہ تقریباً 18 ہزار مربع میٹر پر مشتمل ہے، جسے اس انداز میں ڈیزائن کیا گیا ہے کہ مختلف قونصلر خدمات ایک ہی چھت تلے فراہم کی جا سکیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ نئی عمارت میں پاسپورٹ، نادرا، ویزا، ہنگامی سفری دستاویزات، تصدیقی خدمات، تجارت و سرمایہ کاری، کمیونٹی ویلفیئر اور حج ونگ سمیت متعدد اہم شعبہ جات کو جدید سہولیات کے ساتھ یکجا کیا گیا ہے، تاکہ پاکستانی کمیونٹی کو زیادہ مؤثر اور آسان خدمات فراہم کی جا سکیں۔

قونصل جنرل سید مصطفیٰ ربانی نے میڈیا نمائندگان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ مہمان قونصلیٹ میں فراہم کی جانے والی سہولیات اور جدید انتظامات سے مطمئن ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا اور کمیونٹی کی آراء اور تجاویز کی روشنی میں خدمات کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی کے پاس مزید سوالات یا تجاویز ہوں تو وہ بلا جھجھک قونصلیٹ انتظامیہ سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ تقریب کے اختتام سے قبل قونصل جنرل نے میڈیا نمائندگان کو میڈیا روم، کیفے ٹیریا اور کار پارکنگ سمیت دیگر اہم حصوں کا بھی دورہ کروایا۔

آخر میں قونصل جنرل نے تمام میڈیا نمائندگان کی شرکت اور تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

مزید خبریں