واشنگٹن ڈی سی (روشن پاکستان نیوز): امریکی ایوانِ نمائندگان میں ڈیموکریٹس نے حکیم جیفریز کو نیا پارلیمانی لیڈر نامزد کر دیا۔
امریکا میں وسط مدتی انتخابات کے بعد ڈیموکریٹک پارٹی نے ایوانِ نمائندگان میں اپنی قیادت کے لیے حکیم جیفریز کو نامزد کر دیا ہے۔ اس نامزدگی کے ساتھ حکیم جیفریز کے امریکا کی تاریخ کے پہلے سیاہ فام اسپیکر آف دی ہاؤس بننے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔
ٹرمپ کی ایران کو سخت دھمکی، واشنگٹن میں ’ڈرٹی بم‘ حملے کی اطلاعات پر انتباہ
حکیم جیفریز اس وقت نیویارک سے تعلق رکھنے والے ڈیموکریٹک رہنما اور ایوانِ نمائندگان میں اقلیتی رہنما ہیں۔ نومبر میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹس کی کامیابی کے بعد ایوان میں پارٹی کو اکثریت حاصل ہوئی ہے۔
تاہم، اسپیکر کا منصب سنبھالنے کے لیے جیفریز کو جنوری 2027 میں نئے کانگریس کے اجلاس کے آغاز پر ایوانِ نمائندگان کے تمام ارکان کی حمایت حاصل کرنا ہوگی۔ اسپیکر منتخب ہونے کے لیے انہیں کم از کم 218 ووٹ درکار ہوں گے۔
اگر وہ منتخب ہو جاتے ہیں تو امریکی تاریخ میں پہلی مرتبہ کوئی سیاہ فام سیاست دان ایوانِ نمائندگان کے اسپیکر کا منصب سنبھالے گا۔ یہ امریکی پارلیمانی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل ہوگا۔











