سید شہریار احمد
ایڈوکیٹ ہائی کورٹ
پھر یہ نہ کہنا کہ میں نے ایسا نہیں چاہا تھا
میں پھر تمہیں ایک نہایت ہی اہم بات بتانے چلا آیا ہوں۔
میں جانتا ہوں کہ میری یہ کوششیں ہمیشہ رائیگاں جاتی ہیں کیونکہ تم لوگ کسی بات کو بھی اپنے پلو سے باندھنے کی زحمت گوارا نہیں کرتے ہو۔
تم لوگ سمجھتے ہو کہ جو کچھ تم سمجھتے ہو وہی صحیح ہے اور تم ہی عقل کل ہو لیکن یقین مانو کہ تمہیں دنیا کے ہر انسان سے کچھ نہ کچھ اچھا پانے کو مل سکتا ہے، بس آج کی باتیں میری ذرا دھیان سے سن لو کیونکہ یہی تمہارے مسائل ہیں اور انہی میں ہی تمہاری تکلیفوں کا حل پنہاں ہے۔
میں اس بات پر زور دوں گا کہ تم پھر کبھی یہ نہ کہنا کہ یہ جو کچھ میرے ساتھ ہو رہا ہے میں نے تو ایسا نہیں چاہا تھا بلکہ میں کہوں گا کہ ہر چیز تمہارا اپنا انتخاب ہے۔
آج تم جو ہو، جس جگہ ہو، جیسے ہو ،
ان حالات کو، ان مسائل کو، ان دشواریوں، ان تکلیفوں کو تم نے خود اپنے لیے منتخب کیا ہے ۔
آج تم اگر 50 سال کے ہو اور تم یہ گلہ کرتے ہو کہ حالات ویسے نہیں ہیں جیسے میں نے چاہا تھا تو میں یہی کہوں گا کہ تمہارے ان دنوں کی بنیاد 45 سال پہلے ہی ڈال دی گئی تھی اور جس کے ذمہ دار ظاہر ہے کہ تم نہیں تھے کیونکہ تم بہت چھوٹے تھے، بچے تھے اور تم جو اپنے آس پاس ،اپنے ارد گرد ،اپنے گھریلو ماحول میں اور اپنے خاندانی پس منظر میں دیکھ رہے تھے اسے ہی اپنے لاشعور میں جذب کرتے جاتے تھے تو تمہارے مستقبل کی بنیاد اسی عمر میں پڑ گئی تھی جب تم اپنے بچپن میں تین سے پانچ سال کے دوران زندگی گزار رہے تھے
لیکن میرا ماننا یہ ہے کہ جب تم جوان ہو گئے، توانا ہو گئے اور اس قابل ہو گئے کہ اپنے فیصلے خود کر سکو اور یہ جان چکے تھے کہ کیا کچھ غلط ہو رہا ہے اور اس کو کیسے ٹھیک کیا جا سکتا ہے تب بھی تم نے اپنے آپ کو بدلنے کی کوشش نہیں کی۔
تم ہمیشہ دوسروں کو صحیح راستے پر لاتے رہے،
تم ہمیشہ یہ چاہتے رہے کہ دنیا تمہارے جیسی ہو جائے،
دنیا تمہیں سمجھے جبکہ میں کہتا ہوں کہ تم دنیا کو جانو، لوگوں کو سمجھو اور اپنی زندگی کو پرسکون بناؤ ۔
اگر تم اسی کوشش میں رہو گے کہ دنیا تمہیں سمجھے تو پھر دنیا تمہیں سمجھ کر تمہیں استعمال کرتی رہے گی۔
اگر ہم آم کا پیڑ لگاتے ہیں تو اس میں جامن کی توقع نہیں کر سکتے ۔
اگر ہم چاول کا کھیت لگاتے ہیں تو کیوں کر اس میں سے مونگ پھلی کے دانے پھوٹ سکتے ہیں؟
میں تمہیں پھر زور دے کر کہتا ہوں کہ آج تم جو ہو، جیسے ہو، جس جگہ ہو یہ سب کچھ تمہارا اپنا چناو ہے۔ ہر چیز تمہارا اپنا انتخاب ہے۔
ایک مثال سنو، تم لوگوں پر غلبہ پانے کی خواہش رکھتے ہو، یہ تمہارا اپنا انتخاب ہے کہ تم لوگوں پر غلبہ پانا چاہتے ہو، انہیں فتح کرنا چاہتے ہو، انہیں اپنا محکوم بنانا چاہتے ہو۔
تم چاہتے ہو کہ وہ تمہاری ستائش کریں، تمہاری بات کو مانیں ،تمہارے مشوروں پر عمل کریں، خواہ رشتہ دار ہوں، دوست ہوں،تمہاری زوجہ ہو یا تمہاری اولاد، تم ہر کسی کو مغلوب کرنا چاہتے ہو
لیکن تم ہمیشہ دیکھتے ہو کہ تمہارا لوگوں سے تصادم ہو جاتا ہے،
وہ تم سے لڑ پڑتے ہیں یا پھر کم از کم تمہیں نظر انداز کرنا شروع کرتے ہیں۔
وہ تمہارے پاس رہنے پر رضا مند نہیں ہوتے، تم سے میل ملاقات کم ہوتا چلا جاتا ہے۔
اس کی وجہ جانتے ہو کہ کیا ہے؟
اس کی بنیادی وجہ یہی ہے کہ وہ لوگ بھی ایسا ہی چاہتے ہیں۔ وہ تمہیں اپنی دسترس میں کرنا چاہتے ہیں۔ تمہیں اپنے کنٹرول میں لانا چاہتے ہیں اور ظاہر ہے تم بھی اسے پسند نہیں کرتے جس سے ذہنی جنگیں شروع ہوتی ہیں۔ کچھاو بنتا ہے،
آپس میں کشمکشیں جنم لیتی ہیں ،
تم لوگوں میں بھی حسد آ جاتا ہے اور پھر زندگی ایسے گزرنے لگتی ہے کہ جسے تم کہتے ہو
میں تو جہنم میں رہ رہا ہوں کیونکہ واقعی تمہارے ارد گرد دوزخ جنم لے لیتی ہے۔
پھر تم سر پیٹتے ہو،
میں نے تو کبھی ایسا نہیں چاہا تھا۔
میں کہتا ہوں بھائی تم نے ایسا ہی چاہا تھا کیونکہ تم نے اپنے آپ کو کبھی بدلنے کی کوشش نہیں کی اور دوسروں کی اصلاح میں لگے رہے جس سے نہ صرف تمہاری بلکہ دوسروں کی زندگی بھی اجیرن ہوتی رہی اور ایسا صرف اس لیے ہوتا ہے کہ تم سب لوگ ایک دوسرے کو سپیس نہیں دیتے، ایک دوسرے کے جذبات کو قبول نہیں کرتے جبکہ ہر شخص اپنی ذات میں انجمن ہے ،اس کے اپنے خیالات، اپنی فلاسفی، اپنے نظریات ہیں۔
اصل زندگی یہی ہے کہ ہم انہیں انہی اچھی یا بری خصوصیات کے ساتھ قبول کریں۔
میں کہتا ہوں لوگوں کو ان کے حال پر چھوڑ دو، اپنے آپ کو ان کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کی کوشش کرو کیونکہ وقت بدل چکا ہے۔
دنیا بہت تیزی سے ترقی کر رہی ہے، میں مادی ترقی کی بات کر رہا ہوں۔
لوگوں کو دل بہلانے کے لیے اب انسانوں اور رشتوں کی نہیں سائنسی ایجادات کی ضرورت ہے، اس لیے ایسے وقت میں جب دو لوگ آپس میں بیٹھ کر بھی ایک دوسرے سے بات نہ کریں اور موبائل پر ریلز دیکھیں، تو ایسے دور میں کسی کے دل میں اپنی جگہ بنانا بہت مشکل ہوا جاتا ہے۔
میں یہی کہوں گا کہ خود کو سنبھالو، لوگوں کے رویوں پر بے چین ہونا چھوڑ دو، کسی نے کبھی کچھ کہا ہو، توہین کی ہو یا تمہیں تمہاری حیثیت کے مطابق عزت نہ دی ہو تو ان سب واقعات کو اپنے دماغ سے ڈیلیٹ کرتے چلے جاؤ۔ کچھ دنوں سے میں بھی یہی کوشش کر رہا ہوں کہ وہ واقعات جنہوں نے میرے دل میں لوگوں کے لیے دوری پیدا کی انہیں اپنے دماغ سے محو کر دوں لیکن فی الحال مجھے اس میں کامیابی نہیں ہو رہی پھر بھی میں کوشش جاری رکھوں گا، کم سے کم ایک درست سمت کی طرف قدم تو بڑھاؤں گا۔
تم لوگ بھی ایک اچھی، پرسکون زندگی بتانے کے لیے ہو سکے تو میرے مشورے پر عمل کرنا کیونکہ میں اب تمہیں بہت دیر تک بہت اچھی باتیں نہ بتا سکوں گا۔ میری زندگی کا کوئی بھروسہ نہیں جیسے کہ تم لوگوں کی زندگی کا بھی بھروسہ نہیں ہے، اس لیے اگر کوئی اچھی بات میرے منہ سے نکل جائے تو اس پر کبھی غور کر لیا کرو۔
اپنی بات ختم کرنے سے پہلے پھر یہ کہوں گا کہ اپنے آپ کو وقت اور حالات کے تقاضوں کے مطابق ڈھالنے کی کوشش کرو۔ لوگوں پر غلبہ حاصل کرنے کی جستجو کم کر دو۔
جیسا کہ میں نے شروع میں کہا کہ یہ حالات تمہارا اپنا انتخاب ہیں تو آخر میں یہ مشورہ دوں گا کہ کارل مارکس کی کاز اینڈ ایفیکٹس کی تھیوری ضرور پڑھ لینا کیونکہ ہر مسبب کا ایک سبب ہوتا ہے۔
میرا کہنے کا مطلب یہ ہے کہ کسی بھی رد عمل کے لیے پہلے ایک عمل ہونا ضروری ہے ۔
اگر تم نے سبب کو نہ چنا ہو تو مسبب کا ہونا ناممکن ہے۔
لوگ ایفیکٹ کو چیلنج کرتے ہیں لیکن وہ کاز کو تبدیل نہیں کرنا چاہتے ۔ اگر کہیں ایفیکٹ ہے تو کاز کا ہونا لازم ہے۔
اگر تم کاز اینڈ ایفیکٹس کی تھیوری کو سمجھ لو گے تو تمہارے لیے زندگی میں کوئی مسئلہ نہیں رہے گا۔
باقی آگے تمہاری مرضی











