اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) برازیل کے ایمیزون کے گھنے جنگلات میں بیرونی دنیا سے بالکل الگ تھلگ رہنے والے ایک مقامی قبیلے کے افراد کے سامنے آنے کی نایاب تصاویر اور ویڈیوز سامنے آئی ہیں۔
ان مناظر کو دیکھ کر انسانی حقوق کے اداروں نے جنگلات کاٹنے والوں، شکاریوں اور زمین پر قبضہ کرنے والوں کی وجہ سے اس قبیلے کو لاحق خطرات پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
برطانیہ میں قائم قبائلی حقوق کی تنظیم ‘سرائیول انٹرنیشنل’ نے ان تصاویر کو ایک “تاریخی ملاپ” قرار دیا ہے۔ تنظیم کے مطابق برازیل کی شمال مشرقی ریاست مارانھاؤ میں سرکاری ٹیم کا قبیلے کے تقریباً 20 ایسے افراد سے آمنا سامنا ہوا جو بیرونی دنیا سے دور رہتے ہیں، اور انہوں نے خوراک طلب کی۔
انسانی حقوق کی تنظیم کا کہنا ہے کہ ایسے قبائل عام طور پر باہر کے لوگوں سے ملنے سے دور رہتے ہیں اور ان کا کوئی پکا تعلق نہیں ہوتا۔ تنظیم کا یہ بھی کہنا ہے کہ کئی دہائیوں میں ‘آوا’ نامی اس قبیلے کے ساتھ ایسا رابطہ پہلے کبھی سامنے نہیں آیا، اور غالباً باہر کے لوگوں کی مداخلت کی وجہ سے انہیں خوراک مانگنا پڑی۔
دوسری جانب، برازیل کے مقامی امور کے ادارے ‘فنائی’ نے کہا ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ان ویڈیوز کا جائزہ لے رہے ہیں۔ ادارے کا کہنا ہے کہ قبائلی افراد کو صحت کے خطرات سے بچانے کے لیے ہنگامی پلان فعال کر دیا گیا ہے، کیونکہ حکومت کی پالیسی اب بھی ان لوگوں سے الگ رہنے کی ہی ہے۔
ادارے کے مطابق ‘آوا’ قبیلے کا تعلق شمال مغربی مارانھاؤ کے تپی۔گوارانی لوگوں سے ہے، جن کے کچھ لوگ اب بھی اپنی مرضی سے تنہائی میں زندگی گزار رہے ہیں۔ سرائیول انٹرنیشنل نے بتایا کہ یہ تصاویر مقامی قبائلی گروپ “گارڈینز آف دی ایمیزون” کی درخواست پر جاری کی گئی ہیں، جو غیر قانونی طور پر جنگلات کاٹنے اور مویشی پالنے والوں کے خلاف آواز اٹھاتے ہیں۔
ڈھاکا ایئرپورٹ پر دلچسپ منظر، ملائیشیا سے آنے والے شوہر کو لینے 3 بیویاں پہنچ گئیں
تنظیم کی ڈائریکٹر کیرولین پیئرس کا کہنا ہے کہ ایمیزون کے جنگلات میں یہ الگ تھلگ قبائل شدید دباؤ کا شکار ہیں کیونکہ باہر کے لوگ ہر طرف سے ان کے علاقوں پر قبضہ کر رہے ہیں، جس کی وجہ سے وہ بہت چھوٹے علاقے میں محدود ہو گئے ہیں۔ تنظیم کے مطابق دنیا کے 10 ممالک میں ایسے 196 قبائلی گروہ موجود ہیں، جن میں سے تقریباً 95 فیصد ایمیزون میں اور 124 صرف برازیل کے اندر آباد ہیں۔
مارانھاؤ کے قبائلی ادارے ‘کوآپیما’ نے بھی اس واقعے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس قبیلے کے ساتھ رابطہ اس بات کی یاد دہانی ہے کہ ذمہ دار اداروں کو بہت احتیاط سے کام لینا چاہیے، کیونکہ ایسے اچانک رابطوں سے ان قبیلے کے لوگوں کو بیماریاں لگنے اور دوسری سنگین مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔











