اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) بین الاقوامی ایوی ایشن اور دفاعی تجزیاتی رپورٹس کے تازہ اعداد و شمار نے ’معرکہِ حق‘ کے دوران پاک فضائیہ کی جوابی کارروائی میں بھارت کے چار رافیل لڑاکا طیارے تباہ ہونے کے پاکستانی مؤقف پر مہرِ تصدیق ثبت کر دی ہے، جس سے بھارتی فضائیہ کے نقصانات کھل کر سامنے آ گئے ہیں۔
عالمی ایوی ایشن کی جانب سے جاری کردہ سال 2027 کی ورلڈ ایئرفورسز ڈائریکٹری کے اعداد و شمار میں بھارتی فضائیہ کے زیرِ استعمال رافیل طیاروں کی مجموعی تعداد 32 ظاہر کی گئی ہے جو اس سے قبل 36 تھی۔ ریکارڈ کے مطابق سال 2025 کی ورلڈ ایئرفورسز ڈائریکٹری میں بھارتی فضائیہ کے پاس موجود رافیل طیاروں کی تعداد 36 درج تھی، تاہم 2026 کی ڈائریکٹری میں یہ تعداد ایک طیارے کی کمی کے ساتھ 35 بتائی گئی اور اب 2027 کی تازہ ترین فہرست میں یہ تعداد مزید کم ہو کر 32 رہ گئی ہے، جو چار طیاروں کے نقصان کی واضح عکاسی کرتی ہے۔
بھارت میں مسافر بس 300 فٹ گہری کھائی میں جاگری، 6 افراد ہلاک
واضح رہے کہ گزشتہ برس مئی 2025 میں بھارتی جارحیت کے بھرپور جواب میں پاک فضائیہ نے چار رافیل طیاروں سمیت بھارت کے مجموعی طور پر آٹھ لڑاکا طیارے مار گرائے تھے۔ اس سے قبل سامنے آنے والی ایک اور بین الاقوامی دفاعی تحقیقی رپورٹ میں بھی اس امر کی تصدیق کی گئی تھی کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی 52 منٹ کی فضائی جھڑپ میں بھارتی فضائیہ کے چار رافیل طیارے تباہ ہوئے تھے۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا تھا کہ تباہ ہونے والے طیاروں کے سیریل نمبر بی ایس 001، بی ایس 021، بی ایس 022 اور بی ایس 027 تھے، جبکہ بھارت ان چاروں طیاروں کے سیریل نمبرز کے ساتھ کوئی واضح شواہد یا تصاویر پیش کرنے میں ناکام رہا اور پاکستان کے ملٹی ڈومین آپریشنز نے بھارتی فضائیہ کو مکمل طور پر مفلوج کر دیا تھا۔











