جمعه,  06 نومبر 2026ء
جناح گارڈن ڈپلیکیٹ پلاٹس کیس، اگلی سماعت 19 نومبر کو مقرر، فریقین سے تحریری جواب طلب

اسلام آباد(راجہ اسرار حسین) جناح گارڈن انکوائری رپورٹ،اہم عدالتی پیش رفت،ڈپلیکیٹ پلاٹس کیس، اگلی سماعت 19 نومبر کو ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق کوآپریٹو ڈیپارٹمنٹ میں ڈپٹی رجسٹرار نبیل میمن کی عدالت میں جناح گارڈن انکوائری رپورٹ کی اے سی صدر نے سماعت کی۔سماعت کے موقع پر جہاں مینجمنٹ کی جانب سے 30 سے 40 رکنی وکلا ٹیم اور تمام 11 رکنی باڈی موجود تھی وہیں متاثرین کی جانب سے فاضل وکیل جناب کاشف احمد خان کے ہمراہ رہائشی ممبران عرفان مجید،ماجد عباس،محترمہ نائلہ جبین اور دیگر متاثرین نے بھرپور شرکت کی۔ڈپلیکیٹ پلاٹس کے دو اہم مقدمات پر متاثرین کے فاضل وکیل نے مضبوط دلائل پیش کیے، جنہیں ڈپٹی رجسٹرار نے نہایت توجہ سے سنا۔دورانِ سماعت انہوں نے ریکارڈ اور میرٹ کی بنیاد پر اہم سوالات اٹھائے،جن سے یہ واضح ہوا کہ متاثرین کا مؤقف مؤثر اور سنجیدہ انداز میں سنا جا رہا ہے۔

جناح گارڈن فیز ٹو میں نالے کی اراضی پر مبینہ قبضہ، سوسائٹی انتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج

مینجمنٹ کی جانب سے مزید وقت اور التوا کی استدعا پر ڈپٹی رجسٹرار نے حتمی موقف اپنایا کہ معاملے کو بلاجواز مزید طول نہیں دیا جا سکتا۔ انہوں نے جانبین کو سننے کے ساتھ جمع شدہ ریکارڈ کا باریک بینی سے جائزہ لیا.عدالت کا یہ انداز انتہائی حوصلہ افزا ہے کہ وہ قانونی تقاضوں کے مطابق محض میرٹ پر معاملے کو پرکھنے کے لیے پرعزم ہے۔ ہمیں قوی امید ہے کہ آئندہ بھی کارروائی اسی غیر جانب دارانہ اور شفاف انداز میں آگے بڑھے گی۔سماعت سے قبل فریقین اپنے تحریری جوابات جمع کروائیں گے، جس کے بعد 19 نومبر کو حتمی کارروائی کا آغاز ہوگا۔ امید واثق ہے کہ اس سے فیصل کن پیش رفت سامنے آئے گی۔یہ جدوجہد کسی شخص یا گروہ کے خلاف نہیں، بلکہ ممبران کے سلب شدہ حقوق کی بحالی، ادارہ جاتی شفافیت، آئین و قانون کی بالادستی اور بلا تفریق انصاف کے لیے ہے۔متاثرین کا کہنا ہے کہ ہماری امید کی بنیاد بھی قانون ہے، ہمارا مطالبہ بھی محض انصاف ہے اور ہماری کاوشوں کا محور صرف متاثرین کے حقوق کا تحفظ ہے۔

مزید خبریں