اسلام آباد(محب) پاکستان کراٹے فیڈریشن کے زیرِ اہتمام 32ویں قومی مینز کراٹے چیمپئن شپ اور 18ویں قومی ویمنز کراٹے چیمپئن شپ 12 سے 15 نومبر 2026 تک کراچی میں منعقد ہوں گی۔
پاکستان کراٹے فیڈریشن کے جنرل سیکریٹری بابر اقبال کے مطابق 32ویں قومی مینز کراٹے چیمپئن شپ میں انفرادی کومیٹے، ٹیم کومیٹے، انفرادی کاتا اور ٹیم کاتا کے مقابلے ہوں گے۔ انفرادی کومیٹے کے مقابلے سات مختلف وزن کی کیٹیگریز میں منعقد کیے جائیں گے، جن میں 50، 55، 60، 67، 75 اور 84 کلوگرام سے کم، جبکہ 84 کلوگرام سے زائد وزن کی کیٹیگری شامل ہے۔
چیمپئن شپ میں شرکت کے لیے کھلاڑیوں کا پاکستان کراٹے فیڈریشن کے ساتھ رجسٹرڈ ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ فیڈریشن کے قواعد کے مطابق کھلاڑی اپنے حفاظتی سامان کے خود ذمہ دار ہوں گے، جبکہ مقابلوں میں صرف فیڈریشن کے منظور شدہ کوالیفائیڈ کوچز کو شرکت کی اجازت ہوگی۔
دوسری جانب 18ویں قومی ویمنز کراٹے چیمپئن شپ میں بھی ملک بھر سے خواتین کھلاڑی شرکت کریں گی اور مختلف مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گی۔ ان قومی مقابلوں کا مقصد ملک میں کراٹے کے کھیل کو فروغ دینا اور مرد و خواتین کھلاڑیوں کو قومی سطح پر اپنی صلاحیتیں منوانے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
پاکستان کراٹے فیڈریشن کی جانب سے چیمپئن شپ کے انعقاد کے سلسلے میں متعلقہ حکام اور وابستہ یونٹس کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔ دونوں چیمپئن شپ کراچی میں چار روز تک جاری رہیں گی۔










