اتوار,  13  ستمبر 2026ء
وزیراعظم اور سعودی ولی عہد کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو، وزیر اعظم کی سعودی عرب پرحوثیوں کے حملوں کی مذمت

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو ہوئی جس میں وزیراعظم نے سعودی عرب پرحوثیوں کے حملوں کی مذمت کی۔

وزیر اعظم آفس سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے سعودی عرب کے شہری واقتصادی بنیادی ڈھانچے کونشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے سعودی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ حوثیوں کی کارروائیاں علاقائی امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہیں، یہ کارروائیاں عالمی معیشت اور توانائی کی فراہمی میں خلل کا باعث بن سکتی ہیں۔

سعودی عرب پر ڈرون حملے ، عراقی وزیراعظم نے اعلیٰ فوجی کمانڈر کو برطرف کر دیا

وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ فیلڈمارشل عاصم منیر اور نائب وزیر اعظم کے ہمراہ کشیدگی میں کمی اور خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

وزیراعظم نے موجودہ بحران کے دوران دانشمندانہ اور دوراندیش قیادت پر سعودی ولی عہد کو خراج تحسین پیش کیا جبکہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اعلامیے کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے سعودی عرب کے لیے پاکستان کی مسلسل اور ثابت قدم حمایت اور خطے میں امن و استحکام کےلیے پاکستان کی کوششوں کو بھی سراہا۔

دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق اور جلد ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا۔

مزید خبریں