اسلام آباد(کرائم رپورٹر) اسلام آباد پولیس نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ایک لاکھ امریکی ڈالر تاوان کی غرض سے اغوا کیے گئے غیر ملکی شہری کو بحفاظت بازیاب کرا لیا، جبکہ واردات میں ملوث 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق غیر ملکی شہری کو آج صبح سیکٹر جی-8 سے اسلحے کے زور پر اغوا کیا گیا تھا۔ ملزمان نے مغوی کی رہائی کے بدلے ایک لاکھ امریکی ڈالر تاوان طلب کیا، جبکہ واردات کے دوران دیگر عملے سے نقدی، قیمتی موبائل فونز اور دیگر اشیا بھی چھین لی گئی تھیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا نے نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سٹی محمد خرم اشرف کی زیر نگرانی خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دیں۔ پولیس ٹیموں نے جدید تکنیکی ذرائع اور انسانی معلومات کی مدد سے انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی کی۔
صحافی رانا عثمان کی گرفتاری کا معاملہ، پولیس نے وضاحت جاری کردی
پولیس کے مطابق کامیاب کارروائی کے دوران تھانہ سہالہ کی حدود سے مغوی غیر ملکی شہری کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا، جبکہ اغوا میں ملوث 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والی 3 گاڑیاں، چھینی گئی نقدی اور موبائل فونز بھی برآمد کر لیے گئے۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے، جبکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا نے کہا کہ شہریوں، بالخصوص غیر ملکی باشندوں کی جان و مال سے کھیلنے والوں کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اغوا برائے تاوان کی سنگین واردات میں ملوث ملزمان کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ شہریوں اور غیر ملکی باشندوں کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم کے خاتمے کے لیے بھرپور اور مؤثر کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔











