اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت اضافے کے بعد 91.50 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئی۔
تفصیلات کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں جاری شدید جنگی اور سیاسی کشیدگی کے باعث بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ برقرار ہے۔
عالمی میڈیا کا کہنا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان ممکنہ معاہدے کے امکانات معدوم ہو گئے ہیں، جس کے بعد عالمی منڈی میں قیمتیں مزید بڑھ گئی ہیں۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل کی قیمت تقریباً 1.9 ڈالر اضافے کے بعد 91.50 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئی ہے۔
امریکا اور ایران کے درمیان معاہدے کی امید، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں معمولی کمی
اسی طرح امریکی ویسٹ ٹیکساس کی قیمت میں 1.57 ڈالر اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد یہ 85.30 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کر رہا ہے۔
متحدہ عرب امارات کے مربن خام تیل کی قیمت میں 7 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس سے اس کی نئی قیمت 95 ڈالر فی بیرل تک جا پہنچی ہے۔
عالمی ماہرین کے مطابق مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال اور خلیجی سپلائی روٹس کے حوالے سے بڑھتے ہوئے خدشات آنے والے دنوں میں توانائی کی عالمی مارکیٹ کو مزید متاثر کر سکتے ہیں۔
خیال رہے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں واضح کیا تھا کہ وہ ایران کے ساتھ عبوری امن معاہدے میں توسیع کے خواہاں نہیں ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس بیان کے بعد دونوں ممالک کے درمیان نئے معاہدے کی امیدیں ختم ہو کر رہ گئی ہیں۔











