پیر,  17  اگست 2026ء
یوتھ فورم ریاض کے زیرِ اہتمام جشنِ پاکستان کی تقریب

ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں پاکستانی نوجوانوں کی تنظیم یوتھ فورم کے زیر اہتمام جشنِ آزادی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں سعودی عرب میں مقیم پاکستانی نوجوانوں کے کردار، ان کی صلاحیتوں اور پاکستان کے مستقبل کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔

سعودی دارالحکومت ریاض میں منعقدہ تقریب میں نوجوانوں کی بڑی تعداد موجود تھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یوتھ فورم کے سرپرست سید ثاقب زبیر اور صدر ابراہیم جٹ نے کہا کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی نوجوان اپنی محنت، صلاحیت اور مثبت سوچ کے ذریعے پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کر رہے ہیں نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، کاروبار اور دیگر شعبہ ہائے زندگی میں آگے بڑھنے کے لیے بہتر مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی کے نوجوان دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط تعلقات کا اہم ذریعہ ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مثبت سمت میں استعمال کیا جائے اور انہیں اپنی قابلیت منوانے کے لیے مناسب پلیٹ فارم فراہم کیے جائیں پاکستان کا مستقبل ہمارے نوجوانوں سے وابستہ ہے نوجوانوں کو درپیش مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ انہیں تعلیمی، پیشہ ورانہ اور سماجی سرگرمیوں میں آگے آنے کے مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔ نوجوان اگر متحد ہوکر مثبت انداز میں اپنا کردار ادا کریں تو پاکستان کے روشن مستقبل کی راہ مزید ہموار کی جا سکتی ہے۔

تقریب میں دیگر مقررین نے بھی نوجوانوں کو تعلیم، ہنر اور مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے پر زور دیا، جبکہ شرکاء کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مزید اجاگر کرنے کے لیے ایسی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔

مزید خبریں