لاہور(روشن پاکستان نیوز) معروف دانشور، ماہر تعلیم اور آل پاکستان کرسچن لیگ کے رہنما پروفیسر سلامت اختر کو اُن کی تعلیمی، علمی اور سماجی خدمات کے اعتراف میں جسٹس اے آر کارنیلیس ایوارڈ سے نواز دیا گیا۔
یہ اعزاز لاہور میں منعقدہ ایک پروقار تقریب کے دوران پیش کیا گیا، جہاں پاکستان کی آئینی عدالت کے پہلے چیف جسٹس جناب جسٹس امین الدین خان نے ایوارڈ دیا۔ پروفیسر سلامت اختر کی جانب سے یہ اعزاز اُن کی صاحبزادی سمیرا آشر نے وصول کیا۔
اس موقع پر پروفیسر سلامت اختر کے صاحبزادے نواز سلامت نے امپلیمنٹیشن مائنارٹی رائٹس فورم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اُن کے والد نے ہمیشہ انصاف، انسانی حقوق اور بالخصوص اقلیتوں کے حقوق کے لیے آواز بلند کی۔
انہوں نے کہا کہ پروفیسر سلامت اختر نے اپنی معروف کتاب “تحریکِ پاکستان کے گمنام کردار” میں سابق چیف جسٹس جسٹس اے آر کارنیلیس کی شخصیت، افکار اور قومی خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی، جس کے ذریعے نئی نسل کو اہم تاریخی شخصیات سے آگاہی ملی۔
نواز سلامت نے فورم کے چیئرمین سموئیل پیارا اور دیگر منتظمین کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز اُن تمام افراد کے لیے حوصلہ افزائی ہے جو پاکستان میں بین المذاہب ہم آہنگی، انسانی وقار اور اقلیتوں کے حقوق کے فروغ کے لیے کام کر رہے ہیں۔
تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی اور پروفیسر سلامت اختر کی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔











