لاہور(کرائم رپورٹر ) لاہور کے تھانہ کوٹ لکھپت میں شہری کو مبینہ طور پر اغوا، تشدد، بھتہ خوری اور غیر قانونی حراست میں رکھنے کے الزام میں شی میلز اور محافظ اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق مقدمہ بلال احمد نامی شہری کی مدعیت میں درج کیا گیا، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ وہ 16 مئی کی رات شنگھائی برج کے قریب رکشے سے اترا تو دو شی میلز، علی عرف بلو اور علیزے، اسے بہلا پھسلا کر کچا جیل روڈ پر واقع کوارٹر لے گئے۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق کوارٹر میں موجود دیگر افراد نے شہری کو تشدد کا نشانہ بنایا اور اس سے موبائل فون اور 40 ہزار روپے نقدی چھین لی۔ بعد ازاں متاثرہ شہری کو واش روم میں بند رکھا گیا۔
درخواست گزار نے الزام عائد کیا کہ کچھ دیر بعد اسے چند محافظ اہلکاروں کے حوالے کیا گیا، جنہوں نے شناختی کارڈ کی کاپی لینے کے ساتھ مزید رقم بھی چھین لی اور دھمکیاں دے کر خاموش رہنے کا کہا۔ متاثرہ شخص کے مطابق بعد میں اسے رکشے میں بٹھا کر روانہ کر دیا گیا۔
ایف آئی آر میں کنسٹیبل وقاص، کنسٹیبل سلیمان، کنسٹیبل عمیر اور کنسٹیبل عرفان کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔ مقدمہ تھانہ کوٹ لکھپت میں دفعات 384، 342 اور 155-C کے تحت درج کرکے تحقیقات انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دی گئی ہیں۔
راولپنڈی پولیس کی بڑی کارروائیاں، ملزمان گرفتار، اہم مقدمات میں پیشرفت
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے جبکہ نامزد اہلکاروں کے اختیارات سے تجاوز کے معاملے کی بھی تحقیقات جاری ہیں۔











