سیالکوٹ(روشن پاکستان نیوز): وزیر دفاع خواجہ آصف نے ڈرگ ڈیلر انمول پنکی کو پاکستانی ایپسٹین فائلز قرار دے دیا۔
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے ایکس پر پوسٹ میں لکھا ’’پنکی ایپسٹین فائلز کا پاکستانی ورژن ہے۔‘‘ یاد رہے ایپسٹین فائلز امریکی محکمہ انصاف نے جاری کی تھیں، جس میں جیفری ایپسٹین کے کم عمر بچیوں کے خلاف جنسی جرائم، منشیات کے استعمال اور امریکا سمیت دنیا بھر کی اہم شخصیات کا ذکر تھا۔
خواجہ آصف کا ایپسٹین فائلز کی طرف اشارہ اسی بنیاد پر دکھائی دیتا ہے کہ انمول پنکی کے گاہکوں میں بھی بڑے بڑے نام شامل ہیں، انکشاف کیا گیا ہے کہ پنکی کے گاہکوں کی فہرست میں 30 کے قریب سیاست دانوں کے نام بھی شامل ہیں، اور اس کی رپورٹ وزیر اعلیٰ سندھ کو پیش کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس رپورٹ سے سیاسی و سماجی حلقوں میں کھلبلی مچ گئی ہے، سندھ حکومت کے حوالے کی جانے والی اس انتہائی خفیہ رپورٹ میں ’پنکی کوکین نیٹ ورک‘ کے تمام بڑے گاہکوں کی تفصیلات موجود ہیں۔ ابتدائی رپورٹ میں یہ تفصیلی خاکہ پیش کیا گیا ہے کہ یہ نیٹ ورک کس طرح کام کرتا تھا اور شہر کے کن وی آئی پی حلقوں، بالخصوص لگ بھگ 30 سیاست دانوں کو مہنگی ترین منشیات سپلائی کی جا رہی تھی۔











