جدہ (روشن پاکستان نیوز) وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر حج انتظامات کا جائزہ لینے سعودی عرب پہنچ گئے۔ مکہ مکرمہ کے علاقے عزیزیہ میں قائم پاکستان حج مشن کے دفتر آمد پر ڈی جی حج عبدالوہاب سومرو اور دیگر اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا اور حج انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق عازمین حج کو ہر ممکن سہولت اور آسائش فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے سعودی حکومت کے انتظامات کو مثالی اور لائق تحسین قرار دیتے ہوئے ہدایت کی کہ پاکستانی عازمین حج کی میزبانی میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔
وزیر مذہبی امور نے شکایات کے فوری ازالے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شکایات کے نظام میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے حج مشن حکام کو ہدایت کی کہ عازمین کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
سیکرٹری مذہبی امور ابرار احمد مرزا نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حج انتظامات کے پلاننگ فیز کو مزید مربوط اور مؤثر بنایا جا رہا ہے تاکہ آئندہ برسوں میں بھی عازمین کو بہتر خدمات فراہم کی جا سکیں۔
ڈی جی حج عبدالوہاب سومرو نے بتایا کہ اس سال تقریباً ایک لاکھ 19 ہزار سرکاری عازمین حج کی میزبانی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت نے مشاعر مقدسہ کے ایام میں عازمین کی رہنمائی اور شکایات کے ازالے کے لیے ہیلپ لائن 1966 متعارف کروائی ہے۔
ڈائریکٹر مکہ عارف راؤ نے بریفنگ میں بتایا کہ ایام حج کے انتظامات کے لیے طوافہ کمپنیوں اور سعودی حکام سے مسلسل رابطہ رکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مکہ مکرمہ کے علاقوں عزیزیہ، حئی نسیم اور بطحا قریش میں عازمین کے لیے 273 رہائشی عمارات حاصل کی گئی ہیں۔
فوڈ کوآرڈینیٹر کے مطابق اس سال کھانے سے متعلق شکایات ایک فیصد سے بھی کم رہی ہیں، جو انتظامات کے مؤثر ہونے کا ثبوت ہے۔
ٹرانسپورٹ کوآرڈینیٹر نے بتایا کہ مکہ مکرمہ میں حرم ٹرانسپورٹ کے لیے 450 بسیں فراہم کی گئی ہیں، تاہم بڑھتے ہوئے رش اور سیکیورٹی چیکنگ کے باعث ٹریفک کا دباؤ زیادہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ رش کو کنٹرول کرنے کے لیے ہر نماز سے 30 منٹ قبل سعودی شٹل سروس بند کر دی جاتی ہے۔
ڈائریکٹر حج مدینہ زاہد سہیل نے بتایا کہ مدینہ منورہ میں تمام عازمین حج کو ریاض الجنہ کی زیارت مکمل کروائی جا چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار ایک لاکھ 19 ہزار عازمین حج کی بڑی تعداد کو مرکزیہ میں رہائش فراہم کی گئی ہے











