حکومت سے ایران بارڈر کھولنے کی درخواست سفری سہولیات بحال کرنے کا مطالبہ
اسلام آباد ( روشن پاکستان نیوز) شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے اپنے بیان میں حکومتِ پاکستان سے ایران کے لیے زمینی راستے فوری طور پر کھولنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے رہبرِ معظم حضرت آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای سے بھی درخواست کی ہے کہ رہبرِ شہید آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی تدفین و چہلم کے موقع پر زائرین کے لیے ایران کو عارضی طور پر ویزہ فری قرار دیا جائے، تاکہ پاکستان سمیت دنیا بھر سے آنے والے عقیدت مند بلا رکاوٹ اس عظیم مذہبی موقع پر شرکت کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ اس سانحہ پر ملتِ اسلامیہ گہرے رنج و غم میں مبتلا ہے اور لاکھوں عقیدت مند اپنے روحانی پیشوا کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ایران جانے کے خواہشمند ہیں۔ موجودہ حالات میں ویزہ کی پابندیاں ان کے مذہبی جذبات کے منافی ہیں، لہٰذا محدود مدت کے لیے ویزہ فری پالیسی کا نفاذ ایک بروقت، مناسب اور قابلِ تحسین اقدام ہوگا۔علامہ شبیر میثمی نے مزید کہا کہ ایران بارڈر کھولنے اور سفری سہولیات کو آسان بنانے سے نہ صرف زائرین کو سہولت میسر آئے گی بلکہ یہ امتِ مسلمہ کے اتحاد، یگانگت اور دینی وابستگی کا بھی عملی مظہر ہوگا۔ ایسے مواقع پر عوام کے لیے آسانیاں پیدا کرنا ریاستی ذمہ داری ہے۔انہوں نے حکومتِ پاکستان اور ایران کی قیادت سے پرزور اپیل کی کہ وہ انسانی، مذہبی اور سماجی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری اور مؤثر اقدامات کریں، تاکہ زائرین باوقار انداز میں اپنے عظیم رہبر کی مجالسِ ترحیم اور چہلم میں شرکت کر سکیں۔











