لاہور(روشن پاکستان نیوز)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل لاہور نے بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے مائیگرنٹ اسمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث 3 اہم ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ہونے والے ملزمان کی شناخت محمد رحمان اشفاق، علی رضا اور محمد عباس بٹ کے ناموں سے ہوئی ہے۔ ان ملزمان کو لاہور اور شیخوپورہ کے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر حراست میں لیا گیا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان نے سادہ لوح شہریوں کو بیرون ملک ورک ویزہ دلوانے کا جھانسہ دیا اور ان سے مجموعی طور پر 30 لاکھ روپے سے زائد کی رقم ہتھیائی۔
تھانہ صدر حافظ آباد پولیس کی بڑی کارروائی، بین الاضلاعی منشیات اسمگلر گرفتار
ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ رقم وصول کرنے کے باوجود ملزمان شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہے اور متاثرہ افراد کو رقم واپس کرنے کے بجائے روپوش ہو گئے تھے۔
ایف آئی اے نے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے تاکہ گروہ کے دیگر کارندوں تک رسائی حاصل کی جا سکے۔











