قومی اسمبلی میں سحر کامران کی ایران سے اظہارِ یکجہتی، اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) قومی اسمبلی پاکستان کے اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی سحر کامران نے خطاب کرتے ہوئے اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی حسینی خامنہ ای کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور ایران کے خلاف اسرائیل کی بلااشتعال جارحیت کی شدید مذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ ایران کے خلاف یہ کارروائیاں نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہیں بلکہ پورے خطے کے امن اور استحکام کے لیے سنگین خطرہ بھی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں اپنے ایرانی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور ہر قسم کی جارحیت کو مسترد کرتا ہے۔

والدِ مرحوم کی ساتویں برسی: سحرکامران کا جذباتی پیغام، ایصالِ ثواب کے لیے سورۂ فاتحہ کی اپیل

سحر کامران نے مسلم اُمہ سے اپیل کی کہ وہ مقدس مہینے رمضان المبارک کے دوران اتحاد، اتفاق اور باہمی ہم آہنگی کا مظاہرہ کریں اور خطے میں قیامِ امن کے لیے مشترکہ اور مؤثر حکمت عملی اپنائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ تنازعات کا حل جنگ اور تصادم میں نہیں بلکہ سنجیدہ مذاکرات، بامقصد بات چیت اور سفارتی ذرائع میں پوشیدہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ کشیدہ صورتحال میں تمام متعلقہ فریقین کو صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے تاکہ خطہ کسی بڑی تباہی سے محفوظ رہ سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ پائیدار امن ہی ترقی، خوشحالی اور استحکام کی ضمانت ہے اور یہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے۔

مزید خبریں