ریاض / پشاور(روشن پاکستان نیوز) سعودیہ ایئرلائن نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدہ صورتحال کے پیش نظر پشاور سمیت متعدد شہروں کیلئے اپنی پروازوں کی معطلی میں توسیع کر دی ہے۔ ایئرلائن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پشاور آنے اور جانے والی تمام پروازیں 4 مارچ رات 11:59 (GMT) تک معطل رہیں گی۔
سعودیہ ایئرلائن کے مطابق یہ فیصلہ خطے میں جاری سیکیورٹی صورتحال اور حالیہ پیش رفت کے تناظر میں کیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پشاور کے علاوہ عمان، کویت، دبئی، ابوظہبی، دوحہ، بحرین اور ماسکو کیلئے بھی پروازیں تاحال منسوخ رہیں گی۔
ایئرلائن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ متاثرہ مسافروں کو براہِ راست آگاہ کیا جا رہا ہے اور انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ ایئرپورٹ روانہ ہونے سے قبل اپنی پرواز کی تازہ صورتحال ضرور چیک کریں۔ سعودیہ ایئرلائن نے واضح کیا کہ مسافروں اور عملے کی حفاظت اس کی اولین ترجیح ہے، جبکہ حالات کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ایران، اسرائیل امریکا جنگ: کیا بابا وانگا کی خطرناک پیشگوئی سچ ثابت ہونے جارہی ہے؟
فضائی سروس کی معطلی سے بیرونِ ملک سفر کرنے والے مسافروں، خصوصاً عمرہ اور کاروباری سفر پر جانے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ مسافروں نے حکومت اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ صورتحال کے پیش نظر متبادل انتظامات اور بروقت معلومات فراہم کی جائیں۔
ایئرلائن حکام کے مطابق حالات معمول پر آنے اور سیکیورٹی صورتحال میں بہتری کے بعد پروازوں کی بحالی سے متعلق مزید اعلان کیا جائے گا۔










