اسلام آباد( روشن پاکستان نیوز) یوتھ ایمپاورمنٹ اینڈ اسٹڈیز پاکستان(یس پاکستان) کا پرائم منسٹر یوتھ پروگرام (پی ایم وائے پی) کیساتھ پاکستانی نوجوانوں کے لیے بین الاقوامی تعلیم کے مواقع کو بڑھانے کیلئے معاہدہ۔ معاہدہ پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان کی سربراہی میں طے پایا۔یس پاکستان کی نمائندگی بانی اور سی ای او کائنات زہرہ خان درشک نے کی جبکہ اس موقع پر ان کے ہمراہ چیئرمین وقاص خالق اور ڈائریکٹر ولی خان درشک بھی موجود تھے۔اس تعاون کا مقصد خاص طور پر چین میں پاکستانی طلباء کے لیے داخلوں، تعلیمی تقرریوں، وظائف اور وسیع تر تعلیمی مواقع کی سہولت فراہم کرنا ہے، یہ شراکت داری پاکستانی طلباء کو معیاری بین الاقوامی تعلیم تک رسائی، عالمی نمائش اور مستقبل پر مبنی تعلیمی راستوں کے ذریعے بااختیار بنانے کے مشترکہ وژن کی عکاسی کرتی ہے۔ دونوں تنظیموں نے شفاف، میرٹ پر مبنی، اور پائیدار اقدامات کے لیے اپنی وابستگی کا اعادہ کیا جو نوجوانوں کی ترقی اور بین الاقوامی تعلیمی تعاون کو مضبوط بنانے میں معاون ہیں۔










