جمعه,  18 اکتوبر 2024ء
پبلک سروس گاڑیوں کی فٹنس چیکنگ میں 7746 چالان، 84 لاکھ روپے جرمانے

راولپنڈی میں سی پی او سید خالد ہمدانی کی ہدایت کے مطابق پبلک سروس گاڑیوں کی فٹنس، روٹ پرمٹ، اور لائسنس چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ 49 روز کے دوران 951 ان فٹ گاڑیاں بند کر دی گئیں۔ سی پی او نے بتایا کہ 7746 پبلک سروس گاڑیوں کے چالان کیے گئے، جس پر 84 لاکھ 10 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔

بغیر لائسنس گاڑی چلانے والے 664 ڈرائیوروں کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی، جبکہ غفلت کے مرتکب 27 ڈرائیوروں کے لائسنس بھی منسوخ کیے گئے۔ اس کے علاوہ، پبلک سروس گاڑیوں کے ڈرائیوروں اور مالکان کے خلاف 49 مقدمات بھی درج کیے گئے۔

سی پی او نے مزید کہا کہ غفلت و کوتاہی کے مرتکب گاڑیوں کے مالکان اور اڈہ منیجرز کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے شہریوں کی زندگی کو خطرے میں ڈالنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کو یقینی بنانے کا عزم ظاہر کیا۔

یہ اقدامات راولپنڈی میں عوامی ٹرانسپورٹ کی بہتری اور شہریوں کی حفاظت کے لیے اٹھائے جا رہے ہیں۔

مزید خبریں