واشنگٹن(روشن پاکستان نیوز) امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگستھ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری جنگ کے دوران ایرانی فوجی صلاحیتوں کو تاریخی نقصان پہنچا ہے اور جنگ کے حتمی نتیجے کا اختیار امریکا کے پاس ہے۔
امریکی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں پیٹ ہیگستھ نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کو ایران کے معاملے پر انتہائی مضبوط پوزیشن میں لا کھڑا کیا ہے۔ ان کے مطابق ایران کی فوجی صلاحیتوں کو پہنچنے والا نقصان غیر معمولی اور تاریخی نوعیت کا ہے۔
امریکی وزیر جنگ نے کہا کہ ایران کی فوجی صلاحیتوں کی تاریخی تباہی ہوئی ہے، تاہم جنگ کے مستقبل اور اس کے نتیجے کا فیصلہ ابھی امریکا کے ہاتھ میں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ واشنگٹن کے پاس ایران کے حوالے سے متعدد آپشنز موجود ہیں اور امریکا اپنی مرضی کے مطابق جنگ کے اگلے مرحلے کا تعین کرسکتا ہے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان جاری فوجی تنازع کئی ماہ سے جاری ہے اور خطے میں کشیدگی مسلسل برقرار ہے۔ تازہ صورتحال میں ایران کی جانب سے امریکی فوجی اہداف اور خلیج میں بحری جہازوں کے خلاف حملوں میں شدت کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔
برطانیہ کا فلسطینیوں کی مدد کیلیے ہر ممکن قدم اٹھانے کا اعلان
امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق امریکی کارروائیوں میں ایران کی بیلسٹک میزائل، ڈرون اور بحری دفاعی صنعتی صلاحیتوں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا گیا ہے، امریکی فوج کا دعویٰ ہے کہ ایران کے میزائل اور ڈرون بنانے والے بنیادی ڈھانچے کا بڑا حصہ متاثر ہوا جبکہ فضائی دفاعی نظام اور بحری صلاحیتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
تاہم دوسری جانب ایران نے جنگ جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے اور حالیہ دنوں میں امریکی بحری و علاقائی اہداف کے خلاف کارروائیوں میں اضافہ کیا ہے، امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران نے گزشتہ ہفتے کے دوران امریکی جنگی بحری جہازوں کو کئی مرتبہ میزائلوں سے نشانہ بنانے کی کوشش کی جبکہ اردن میں موجود امریکی فورسز پر بھی میزائل حملہ کیا گیا۔
امریکا اور ایران کے درمیان جاری جنگ اب ایک طویل تنازع کی شکل اختیار کرچکی ہے
امریکا اور ایران کے درمیان جاری جنگ اب ایک طویل تنازع کی شکل اختیار کرچکی ہے، امریکی صدر ٹرمپ کی انتظامیہ ایران پر فوجی دباؤ کے ساتھ ساتھ معاشی پابندیوں اور بحری دباؤ کی حکمت عملی بھی استعمال کررہی ہے۔
حالیہ صورتحال میں آبنائے ہرمز بھی تنازع کا اہم مرکز بن چکی ہے، جس کے باعث عالمی تیل کی ترسیل اور توانائی کی قیمتوں پر بھی دباؤ بڑھا ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
امریکی حکام ایران کی فوجی صلاحیتوں کو پہنچنے والے نقصان کو جنگ کی بڑی کامیابی قرار دے رہے ہیں تاہم جنگ کے مکمل خاتمے اور حتمی سیاسی نتیجے کے حوالے سے صورتحال اب بھی غیر یقینی ہے۔











