پیر,  21  ستمبر 2026ء
شمالی کوریا کا بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ

سیؤل(روشن پاکستان نیوز) جنوبی کوریا کی فوج کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا نے اتوار کو اپنے مشرقی ساحل سے ایک بیلسٹک میزائل ”ایسٹ سی“ کی طرف فائر کیا ہے۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ اقدام شمالی کوریا کی جانب سے خود کو جوہری ہتھیاروں کی حامل ریاست کے طور پر دوبارہ تسلیم کرائے جانے کے چند دن بعد سامنے آیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق یہ میزائل تجربہ اس واقعے کے آٹھ دن بعد کیا گیا جب شمالی کوریا نے ایسٹ سی جسے ”سی آف جاپان“ بھی کہا جاتا ہے، کی جانب کئی مختصر فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل داغے تھے۔

اس کارروائی کو بعد میں مشترکہ فوجی مشق قرار دیا گیا تھا۔ یہ پیش رفت شمالی کوریا کی جانب سے اقوام متحدہ کے جوہری توانائی کے نگران ادارے (IAEA) کی اس قرارداد کو مسترد کرنے کے بعد ہوئی ہے جس میں شمالی کوریا سے اپنی جوہری سرگرمیاں روکنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف سٹاف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہماری فوج نے شمالی کوریا کے علاقے وونسان سے‘ایسٹ سی’کی جانب دوپہر تقریباً 3 بجے ایک بیلسٹک میزائل داغے جانے کا پتہ لگایا۔

جنوبی کوریا کی فوج نے کہا کہ اس نے مزید ممکنہ میزائل تجربات کے پیشِ نظر نگرانی بڑھا دی ہے جبکہ جنوبی کوریا، امریکا اور جاپان اس میزائل تجربے کے حوالے سے قریبی رابطے میں ہیں اور معلومات کا تبادلہ کر رہے ہیں۔

جاپانی وزیر اعظم کے دفتر نے بھی اس تجربے کی تصدیق کی اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ پر کہا کہ داغا جانے والا ہتھیار ممکنہ طور پر بیلسٹک میزائل تھا۔

 پنجاب میں کینسر کے مریضوں کا مفت علاج کیا جائے گا، عظمیٰ بخاری

بعد ازاں جاپان کی وزارتِ دفاع نے کہا کہ یہ میزائل گر چکا ہے تاہم اس نے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔جنوبی کوریا کے صدارتی دفتر کے مطابق اس تجربے کے بعد جنوبی کوریا کے صدارتی دفتر برائے قومی سلامتی نے ہنگامی اجلاس طلب کیا تاکہ ردعمل کا جائزہ لیا جا سکے اور قومی سلامتی پر اس تجربے کے اثرات کا اندازہ لگایا جا سکے۔

مزید خبریں