اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) موبائل نیٹ ورک یا انٹرنیٹ کی سروس خراب ہونے پر صارفین کو کس سے براہ راست شکایت کرنی چاہیے تاکہ مسئلہ جلدی اور باآسانی حل ہوسکے، پی ٹی اے نے طریقہ بتادیا۔
پاکستان میں موبائل نیٹ ورک، انٹرنیٹ یا دیگر ٹیلی کمیونیکیشن سروسز سے متعلق مسائل کا سامنا کرنے والے صارفین اب اپنی شکایات کے ازالے کے لیے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) سے براہ راست رجوع کرسکتے ہیں۔
اس سلسلے میں پی ٹی اے نے صارفین کی رہنمائی کے لیے شکایت درج کرانے کا مرحلہ وار طریقہ کار جاری کیا ہے، جس کے تحت پہلے متعلقہ ٹیلی کام کمپنی اور مسئلہ حل نہ ہونے کی صورت میں اتھارٹی سے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔
پی ٹی اے کی جانب سے جاری کردہ رہنما ہدایات کے مطابق اگر کسی صارف کو ٹیلی کام سروس فراہم کرنے والی کمپنی کی خدمات کے حوالے سے شکایت ہو تو اسے سب سے پہلے متعلقہ کمپنی کے کسٹمر سروس سینٹر سے رابطہ کرنا چاہیے۔
صارفین کمپنی کے کال سینٹر، ویب سائٹ، موبائل ایپ یا کسٹمر سروس سینٹر کے ذریعے اپنی شکایت درج کراسکتے ہیں۔
راولپنڈی؛ مسلح ملزم کی میڈیکل لیب میں تنہا خاتون سے ڈکیتی، نقدی وموبائل لے اڑا
شکایت درج کراتے وقت مسئلے کی نوعیت اور تفصیلات واضح انداز میں بیان کرنا ضروری ہے، جبکہ صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ شکایت جمع ہونے کے بعد اس کا ریفرنس یا کمپلینٹ نمبر ضرور حاصل کریں۔
اس کے ساتھ شکایت درج کرانے کی تاریخ اور وقت بھی اپنے پاس محفوظ رکھیں تاکہ ضرورت پڑنے پر اس کا حوالہ دیا جاسکے۔
رہنما ہدایات میں کہا گیا ہے کہ صارفین متعلقہ ٹیلی کام آپریٹر کو شکایت کے ازالے کے لیے مناسب وقت دیں، اگر مقررہ وقت میں مسئلہ حل نہ ہو یا کمپنی کی جانب سے فراہم کردہ حل سے صارف مطمئن نہ ہو تو وہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی سے رجوع کرسکتا ہے۔
اس مقصد کے لیے پی ٹی اے کا کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم (سی ایم ایس) متعارف کیا جاچکا ہے، جہاں صارفین اپنی شکایات آن لائن درج کراسکتے ہیں۔
پی ٹی اے کو شکایت جمع کراتے وقت ذاتی معلومات کے ساتھ متعلقہ ٹیلی کام کمپنی کی جانب سے پہلے جاری کیا گیا شکایت یا ریفرنس نمبر فراہم کرنا بھی ضروری ہوگا۔
شکایت درج کرانے کے طریقے
صارفین اپنی شکایات پی ٹی اے تک پہنچانے کے لیے مختلف ذرائع استعمال کرسکتے ہیں۔ ان میں پی ٹی اے کا ویب پورٹل، موبائل ایپ، ہیلپ لائن اور ذاتی طور پر دفاتر میں شکایت درج کرانے کی سہولت شامل ہے۔
آن لائن پورٹل پر وزٹ کریں۔ https://complaint.pta.gov.pk/CMS/
موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔ پی ٹی اے سی ایم ایس ایپ، جو اینڈرائیڈ اور آئی او ایس صارفین کے لیے دستیاب ہے۔
ہیلپ لائن سے رابطہ کریں 0800-55055
خود دفتر آکر بھی رابطہ کرسکتے ہیں، پی ٹی اے ہیڈکوارٹرز یا علاقائی دفاتر میں ذاتی طور پر شکایت جمع کرائی جاسکتی ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق شکایت کے مؤثر اندراج اور اس کی کارروائی کے لیے ضروری ہے کہ صارف پہلے متعلقہ کمپنی سے رابطہ کرکے شکایت کا باقاعدہ نمبر حاصل کرے اور بعد ازاں ضرورت پڑنے پر اسی تفصیل کے ساتھ اتھارٹی سے رجوع کرے۔











