اوکاڑہ (روشن پاکستان نیوز) : 200 روپے کے کیلے خریدنے کے تنازع پر سعودیہ پلٹ نوجوان کو قتل کر دیا گیا پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق گزشتہ روز اوکاڑہ میں 200 روپے کے کیلے خریدنے کے تنازع پر جھگڑا ہوا جس کے نتیجے میں سعودیہ پلٹ نوجوان کو تشدد کر کے قتل کر دیا گیا۔
پولیس نے مقتول کے بھائی محمد ہاشم کی مدعیت میں دو نامزد اور 8 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق اوکاڑہ کی سیٹھ کالونی کے رہائشی عبدالرحمان نے ریڑھی والے سے 200 روپے کے کیلے خریدے، جب نوجوان جانے لگا تو پیچھے سے ریڑھی والے نے آواز دے کر اس سے کہا کہ کیلوں کے 200 روپے نہیں دیے۔
صوابی؛ بھانجےکی ٹک ٹاک ویڈیوز پر اعتراض، بھائی نے بہن اور بھانجی کو قتل کردیا
مقدمے کے متن کے مطابق اس موقع پر تلخ کلامی ہو گئی جس کے دوران مقتول پر تشدد کیا گیا جب کہ اطلاع ملنے پر نوجوان کے بھائی بھی وہاں پہنچ گئے۔
ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ طارق ماجد اور ماجو نے نا معلوم 8 ساتھیوں کے ہمراہ جھگڑا کیا اور عبدالرحمان پر چھری سے حملہ ہوا۔ اس کو اسپتال منتقل کیا گیا لیکن جانبر نہ ہو سکا۔
دوسری جانب ایف آئی آر کے بعد تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی ہے۔










