اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے، کفایت شعاری کے فروغ اور معیشت میں بہتری کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے، جبکہ بجلی اور توانائی کے شعبے میں بھی اہم اصلاحات جاری ہیں۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم کی خصوصی ہدایت ہے کہ متعلقہ سہولت فراہم کیے جانے کے بعد کرایوں میں اضافہ نہیں ہونا چاہیے۔ حکومت نے کفایت شعاری کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں، بعض اقدامات جاری رکھے گئے ہیں جبکہ دیگر کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں گزشتہ ساڑھے 12 سال سے پی ٹی آئی کی حکومت ہے، اسے چاہیے تھا کہ وہ ماڈل گورننس کی مثالیں پیش کرتی۔ انہوں نے سوال کیا کہ پی ٹی آئی نے صوبے کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کیا اقدامات کیے اور کوئی ایک ایسا منصوبہ سامنے لائے جسے مثالی قرار دیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی دھرنوں کی کال کھوکھلی ہے، پارٹی کو احتجاج کی سیاست ترک کرکے عوام کی خدمت کی سیاست اپنانا چاہیے۔ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ خدمت کی سیاست کو شعار بنایا اور دانش اسکولز اور میٹرو بس جیسے مثالی منصوبے فراہم کیے۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پنجاب حکومت کے منصوبوں کو عالمی سطح پر پذیرائی مل رہی ہے اور صوبے کے بچے اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے بیرون ملک یونیورسٹیوں میں جا رہے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ خیبر پختونخوا کے بچوں کو اعلیٰ تعلیم کی وہ سہولتیں کیوں میسر نہیں۔
ن لیگ اپنے اتحادیوں کو خوش کرے لیکن سندھ کو قربانی کا بکرا بنانے سے گریز کرے: شرجیل میمن
وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم نے بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کے لیے گنجائش پیدا کرنے کا وعدہ پورا کیا اور اس طبقے کے لیے ٹیکس سلیب میں کمی کی گئی، جبکہ برآمد کنندگان نے بھی بجٹ کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام میں رہتے ہوئے پاکستان نے ایسی اصلاحات کیں جنہیں عالمی سطح پر سراہا گیا۔
توانائی کے شعبے سے متعلق عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ جنگ کے باعث بحری جہازوں کی نقل و حمل متاثر ہوئی ہے، تاہم تیل کی فراہمی یقینی بنانے کی کوششوں کے باعث لوڈشیڈنگ کو کم سے کم رکھا گیا ہے۔ بجلی کے شعبے میں تاریخی اصلاحات کی گئی ہیں، آئی پی پیز کے مسئلے کو حل کرکے عوام کے لیے گنجائش پیدا کی گئی ہے جبکہ پاور سیکٹر میں مزید اصلاحات پر بھی بھرپور توجہ دی جا رہی ہے۔











