گوجرانوالہ(روشن پاکستان نیوز): پولیس کے ساتھ ہونے والے پانچ مبینہ مقابلوں کے نتیجے میں دو خطرناک ملزمان ہلاک جبکہ تین زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔
گوجرانوالہ میں پولیس کے 5 مبینہ مقابلے کے واقعات کے بعد سی پی او ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ڈویژنل ایس پیز سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
پولیس کے مطابق پہلا واقعہ ڈکیتی اور راہزنی کے 25 سے زائد مقدمات میں مطلوب ریکارڈ یافتہ ڈاکو عامر کی ہلاکت کا ہے، جو پولیس کے ساتھ مقابلے کے دوران مبینہ طور پر اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارا گیا۔
دوسرے واقعے میں منشیات کا ریکارڈ یافتہ ڈیلر ہارون اختر بھی اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آ کر ہلاک ہو گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے منشیات ڈیلر کے قبضے سے 12 کلو چرس اور اسلحہ برآمد کیا گیا ہے، جبکہ اس کے 3 ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
اے این ایف کا منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، 6 ملزمان گرفتار
پولیس مقابلوں کے دوران سنگین مقدمات میں ملوث ملزم قیصر محمود، راہزنی اور چوری کی متعدد وارداتوں میں مطلوب ملزم شہریار، اور فرار کی کوشش کرنے والا ریکارڈ یافتہ ملزم تناوش علی زخمی حالت میں گرفتار کیے گئے۔
پولیس کے مطابق گرفتار زخمی ملزم قیصر کے قبضے سے 680 گرام چرس بھی برآمد کی گئی ہے۔ پولیس کی جانب سے فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔











