راولپنڈی (سائرہ اختر ) ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس حسن مشتاق سکھیرا نے بطور چیف پولیس آفیسر راولپنڈی اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔
چارج سنبھالنے کے بعد سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا کی زیر صدارت افسران کے ساتھ تعارفی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایس ایس پی آپریشنز، ایس ایس پی انویسٹی گیشن، ایس ایس پی سیف سٹی، چیف ٹریفک آفیسر، ڈویژنل ایس پیز، ایس پیز، ایس ڈی پی اوز، ڈی ایس پیز ٹریفک، ایس ایچ اوز اور دیگر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں سی پی او نے پولیس کے مختلف انتظامی اور پیشہ ورانہ امور کا جائزہ لیا اور افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو بروقت انصاف کی فراہمی اور بہترین سروس ڈیلیوری پولیس کی اولین ترجیح ہے۔
حسن مشتاق سکھیرا نے واضح کیا کہ پیشہ وارانہ فرائض کی انجام دہی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے تمام افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ محنت، دیانت داری اور تندہی کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں۔
سی پی او راولپنڈی نے کہا کہ جرائم کی روک تھام پولیس کا بنیادی فرض ہے، جسے ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، جبکہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔











