منگل,  06 اکتوبر 2026ء
لانگ مارچ ختم کرنے کی شرط قبول نہیں، پہلے سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات ضروری ہے: علی ظفر

اسلام آباد(محب) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹ میں پارلیمانی لیڈر سینیٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا مطالبہ تسلیم نہ کیے جانے کے باعث بے نتیجہ ختم ہوئے، جبکہ مذاکرات کی بحالی کے لیے پہلے لانگ مارچ ختم کرنے کی حکومتی شرط قبول نہیں کی جائے گی۔

میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر علی ظفر نے کہا کہ مذاکرات ختم ہونے کی بنیادی وجہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا مطالبہ تسلیم نہ ہونا تھا۔ ان کے مطابق حکومتی مذاکراتی ٹیم کا مؤقف تھا کہ پہلے لانگ مارچ ختم کیا جائے، اس کے بعد مذاکرات کو آگے بڑھایا جائے گا، جبکہ اب وزیراعظم بھی اسی مؤقف کا اظہار کر رہے ہیں۔

علی ظفر کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ ختم کرنے یا اس حوالے سے کوئی بڑا فیصلہ پی ٹی آئی کی مذاکراتی ٹیم یا قیادت بانی پی ٹی آئی سے ملاقات اور مشاورت کے بغیر نہیں کرسکتی۔

عمران خان کی بہنوں تک اہلِ خانہ اور وکلا کی رسائی نہ ہونے کا دعویٰ، پی ٹی آئی کا اظہارِ تشویش

انہوں نے کہا کہ حکومت پی ٹی آئی قیادت میں سے کسی بھی رہنما کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرا دے، اگر بانی پی ٹی آئی نے لانگ مارچ ختم کرنے کی ہدایت کی تو اسے ضرور ختم کردیا جائے گا۔

سینیٹر علی ظفر نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی روزانہ کی بنیاد پر لانگ مارچ کی حکمت عملی میں تبدیلی کرتے ہیں، تاہم تحریک انصاف کا لانگ مارچ آگے بڑھے گا اور جاری رہے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کے لیے لانگ مارچ ختم کرنے کی پیشگی شرط قبول نہیں کی جا سکتی، بلکہ کسی بھی فیصلے سے قبل بانی پی ٹی آئی سے ملاقات اور مشاورت ضروری ہے۔

مزید خبریں