اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) ذرائع کے مطابق وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے سرکاری و نیم سرکاری ملازمین کے پینشن نظام میں بڑی تبدیلی پر غور شروع کر دیا ہے، جس کے تحت ماہانہ پینشن ختم کرکے یکمشت ادائیگی (گولڈن ہینڈ شیک) متعارف کرانے کی تجویز سامنے آئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مجوزہ پلان کے تحت تمام وفاقی و صوبائی اداروں اور مالیاتی اداروں کے ملازمین کو ریٹائرمنٹ پر ایک ہی بار مکمل رقم ادا کرکے ماہانہ پینشن سسٹم ختم کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ پہلے سے ریٹائرڈ ملازمین کو بھی بقایا پینشن کی رقم یکمشت ادا کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔
ایف بی آر ان لینڈ ریونیو ملازمین کیلئےاچھی خبر !پرفارمنس الاونس میں بڑے اضافے کی منظوری
حکومتی حلقوں کے مطابق اس اقدام کا مقصد قومی خزانے پر بڑھتے ہوئے مالی بوجھ کو کم کرنا ہے، جبکہ کسی بھی ممکنہ احتجاج سے نمٹنے کے لیے سخت مؤقف اپنانے کی بھی بات کی جا رہی ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ اس حوالے سے حتمی مسودہ 30 جون 2026 تک پیش کیے جانے کا امکان ہے، جس کے بعد اسے قانونی شکل دینے کے لیے منظوری دی جا سکتی ہے۔
دوسری جانب سرکاری و نجی مالیاتی اداروں میں ملازمین کی ریٹائرمنٹ عمر 60 سال سے کم کرکے 50 سال کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے، تاہم اس پر ابھی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔
واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے تاحال اس حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔











