جمعرات,  19 نومبر 2026ء
عالمی حلقہء فکروفن ورجینیا کے زیراہتمام ڈاکٹر ریاض چوہدری کی یاد میں تقریب کا انعقاد

ورجینیا (روشن پاکستان نیوز) عالمی حلقۂ فکر و فن ورجینیا امریکہ کے زیرِ اہتمام معروف شاعر، ادیب اور اردو زبان و ادب کے فروغ کے لیے سرگرم ادبی و سماجی شخصیت چیئرمین عالمی حلقہء فکروفن ڈاکٹر محمد ریاض چوہدری کی یاد میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جس میں امریکہ سمیت مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے اہلِ قلم، شعراء، دانشوروں اور کمیونٹی رہنماؤں نے شرکت کی۔

ورجینیا میں منعقدہ تقریب میں ڈاکٹر ریاض چوہدری کی ادبی، علمی اور سماجی خدمات کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور دیارِ غیر میں اردو زبان و ادب کے فروغ، ادبی رفاقتوں کے قیام اور کمیونٹی کو یکجا رکھنے کے لیے ان کی کاوشوں کو خوب سراہا گیا۔

تقریب کے پہلے حصے میں ڈاکٹر ریاض چوہدری کی زندگی، شخصیت اور خدمات کو موضوعِ گفتگو بنایا گیا۔ طیب غوری نے خصوصی نغمہ بطور خراجِ عقیدت پیش کیا جبکہ مرحوم کے اہلِ خانہ کی جانب سے نازش ریاض اور نادیہ نازش نے شرکاء کو اظہارِ تشکر پیش کیا۔

اس موقع پر بینا گوئندی، ڈاکٹر عثمان ملک، ابرار چوہدری، ڈاکٹر ظفر نوری، ریاض نیازی، بیرسٹر احتشام، ظہیر جاوا اور افتخار افتی سمیت متعدد اہلِ قلم نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر ریاض چوہدری کی ادبی خدمات، اردو سے محبت اور کمیونٹی کو قریب لانے کے جذبے کو سراہا۔ سعودی عرب سے عالمی حلقہء فکروفن کے مرکزی صدر وقار نسیم وامق کا خصوصی ویڈیو پیغام بھی پیش کیا گیا۔

مقررین کے مطابق ڈاکٹر ریاض چوہدری کی شخصیت اور خدمات اس حقیقت کی روشن مثال ہیں کہ دیارِ غیر میں زبان و ادب محض اظہار کا ذریعہ نہیں بلکہ اپنی تہذیب، شناخت اور نسلوں کے درمیان رشتوں کو برقرار رکھنے کا مؤثر وسیلہ بھی ہیں۔ ان کی ادبی رفاقتیں، اردو سے محبت اور کمیونٹی کو متحد رکھنے کا جذبہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

معروف ٹی وی براڈکاسٹر اور نیوز اینکر خالد حمید نے بھی ڈاکٹر ریاض چوہدری سے وابستہ یادیں تازہ کرتے ہوئے ان کے ساتھ اپنی دیرینہ رفاقت کا ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر ریاض چوہدری نے اپنی آخری تقریب میں انہیں اپنے ہاتھوں سے یادگاری تمغہء فکروفن پہنایا تھا۔

تقریب کے دوسرے حصے میں مشاعرے کا اہتمام کیا گیا، جس میں افتخار خان نے کلامِ اقبال پیش کیا جبکہ عبدالمجید طرح، بابر سرور، افتخار افتی، اسد حسن، حامد محمود، برادر محبوب، رشید انصاری اور نغمہ صبوحی نے اپنا کلام پیش کرکے خوب داد وصول کی۔

تقریب میں ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ کی شرکت بھی خصوصی اہمیت کی حامل رہی، جنہوں نے 1975ء میں واشنگٹن ڈی سی میں علی گڑھ المنائی ایسوسی ایشن کے پلیٹ فارم سے اردو مشاعروں کی روایت کو منظم بنیاد فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

تقریب کے اختتامی حصے میں ورجینیا کی لیفٹیننٹ گورنر غزالہ ہاشمی کا خصوصی ویڈیو پیغام پیش کیا گیا، جبکہ کانگریس مین سہاس سبرامنیم نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ نے کانگریس مین سہاس سبرامنیم کو ’’فکر و فن میڈل‘‘ پیش کیا جبکہ نازش ریاض چوہدری نے کمیونٹی کے لیے ان کی خدمات اور تعاون کے اعتراف میں انہیں یادگاری شیلڈ پیش کی۔

قبل ازیں، تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کی سعادت ندیم شہزاد نے حاصل کی جبکہ وقار پیرزادہ نے نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کی۔ بشارت خلیل اور فرزانہ انجم نے مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے تقریب کے اغراض و مقاصد بیان کیے۔

تقریب کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ڈاکٹر ریاض چوہدری کی ادبی و سماجی خدمات اور اردو زبان کے فروغ کے لیے ان کی روشن روایت کو جاری رکھا جائے گا۔ ڈاکٹر ظفر نوری کی دعا کے ساتھ یہ یادگار تقریب اختتام پذیر ہوئی۔

مزید خبریں