جدہ(روشن پاکستان نیوز) پاکستان اوورسیز میڈیا فورم اور یونائٹڈ جرنلسٹ فورم کے زیرِ اہتمام جدہ کے ایک مقامی ہوٹل میں یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی مہمانِ خصوصی معروف سعودی میڈیا پرسن اور کاروباری شخصیت ڈاکٹر سمیرا عزیز تھیں، جبکہ تقریب کی صدارت پاکستان اوورسیز میڈیا فورم کے سرپرستِ اعلیٰ اور سینئر صحافی سید مسرت خلیل نے کی۔
تقریب میں مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات اور صحافیوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر سمیرا عزیز اور سید مسرت خلیل نے پاکستانی قوم کو یومِ دفاع کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ 6 ستمبر پاکستان کی تاریخ کا ایک اہم دن ہے، جو قوم کے اتحاد، عزم اور مسلح افواج کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔
امریکا نے سعودی عرب کو 5 ارب ڈالر مالیت کے بم فروخت کرنے کی منظوری دے دی
تقریب سے جہانگیر خان، شعیب الطاف، احمد فواد اور معروف صحافی عدیل خان نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ یومِ دفاع ہمیں قومی یکجہتی، شجاعت اور ان عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو وطن کے دفاع کے لیے دی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی مسلح افواج نے ہمیشہ غیر متزلزل عزم کے ساتھ مادرِ وطن کا دفاع کیا ہے اور پوری قوم کو اپنی افواج پر فخر ہے۔
مقررین کا کہنا تھا کہ آپریشن بنیان المرصوص کے بعد پاکستان کے بین الاقوامی تشخص میں مثبت پیش رفت جاری ہے، جبکہ مستقبل میں ملکی معیشت کو مزید مضبوط اور مستحکم بنانا قومی ترجیح ہونی چاہیے۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے مل کر یومِ دفاع و شہداء کا کیک کاٹا اور وطنِ عزیز کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔











