حافظ آباد (شوکت علی وٹو، روشن پاکستان نیوز): حافظ آباد میں زرعی زمین کے تنازع پر مبینہ طور پر بیٹوں اور ایک خاتون نے کلہاڑیوں کے وار کرکے بزرگ والد اور اس کے دوست کو قتل کر دیا، جبکہ ملزمان واردات کے بعد فرار ہوگئے۔ ڈی پی او حافظ آباد فواد احمد نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی اور ملزمان کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کردیے۔
پولیس کے مطابق دوہرے قتل کا واقعہ تھانہ ونیکے تارڑ کی حدود میں گاؤں کولو تارڑ کے قریب ایک ڈیرے پر پیش آیا، جہاں زرعی زمین کے تنازع پر مبینہ طور پر قاسم، آصف اور کلثوم بی بی نے محمد صدیق اور اس کے دوست نذیر پر کلہاڑیوں سے حملہ کیا۔ دونوں افراد سر پر گہرے زخم آنے کے باعث موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
مقتولین کی شناخت 70 سالہ صدیق ولد ناتھا خان، ساکن گاؤں چھینہ، اور 65 سالہ نذیر ولد دوست محمد، ساکن کوٹ سید محمد، حافظ آباد کے نام سے ہوئی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ ایس پی انویسٹی گیشن، ڈی ایس پی صدر اور ایس ایچ او تھانہ ونیکے تارڑ نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا، جبکہ کرائم سین یونٹ اور فرانزک ٹیموں نے شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کردیا۔
پولیس نے دونوں مقتولین کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز (ڈی ایچ کیو) اسپتال منتقل کردیں۔ ڈی پی او فواد احمد نے متعلقہ افسران سے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کی ہدایت کی ہے۔ پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔











