جدہ(روشن پاکستان نیوز) سرکاری حج فلائٹ آپریشن 2026 میں پاکستان کی نجی ایئر لائن ایئر سیال بھرپور طریقے سے حصہ لے رہی ہے۔ اور ایئر سیال اپنی پروازوں کے ذریعے سینکڑوں عازمین حج کو حجازِ مقدس میں پہنچانے میں مصروف ہے۔ ایئر سیال کا حج فضائی آپریشن 21 مئی تک بلا تعطل جاری رہے گا۔ سعودی عرب میں ایئر سیال کے کنٹری ہیڈ شاکر علی فاروقی کے مطابق ایئر سیال کی ملک بھر سے حج پروازوں کا سلسلہ کامیابی سے جاری ہے۔ اس سال پہلی مرتبہ ایئر سیال نے سیالکوٹ ایئرپورٹ سے بھی حج پروازوں کا باقاعدہ آغاز کیا۔ وزارتِ حج اور ایئر سیال کا عملہ، پاکستانی اور سعودی ہوائی اڈوں پر عازمینِ حج کی رہنمائی کے لیے چوبیس گھنٹے موجود ہے۔ تاکہ عازمینِ حج کو کسی بھی طرح کی پریشانی نہ ہو۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے ایئر سیال کے کنٹری ہیڈ سعودی عرب، شاکر علی فاروقی نے بتایا کہ ایئر سیال کی کوشش ہے کہ حجاجِ کرام کو اس مقدس اور بابرکت سفر میں ہر ممکن خدمت دی جائے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ایئر سیال سیالکوٹ، کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے حج آپریشن چلا رہی ہے۔ اور تقریباً اس سال 10 ہزار سرکاری حجاجِ کرام ایئر سیال کی سروس سے مستفید ہوں گے. ایئر سیال سرکاری حج اسکیم کے تحت، حج پروازوں میں ایک فعال شراکت دار کے طور پر سامنے آئی ہے۔ جو کہ نجی شعبے کی جانب سے بڑی پیشرفت ہے. ایئر سیال کی شمولیت سے پی آئی اے اور دوسری ایئر لائنز کے دباؤ میں کمی آئی ہے۔کنٹری ہیڈ سعودی عرب شاکر علی فاروقی اور ان کی ٹیم، اسٹیشن مینیجر جدہ یاسر امین، اسٹیشن مینیجر مدینہ احسن زبیر اور دیگر ایئر سیال کے عملے نے وزارتِ مذہبی امور کے ساتھ مل کر، پاکستان سے مدینہ میں آنے والی پہلی حجاجِ کرام کی فلائٹ کا استقبال پھولوں، تحائف اور کیک کاٹ کر کیا. جو کہ حجاجِ کرام کے لیے ایک بہترین تجربہ رہا۔











