هفته,  25 اپریل 2026ء
لاہور: اچھرہ میں تین بچوں کے قتل کا دل دہلا دینے والا واقعہ، ماں کے سنسنی خیز انکشافات

لاہور (روبینہ مظہر) لاہور کے علاقے اچھرہ میں پیش آنے والے تین بچوں کے اندوہناک قتل کیس میں گرفتار ملزمہ کے ہوشربا انکشافات سامنے آگئے ہیں، جس نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزمہ، جس کی شناخت ردا کے نام سے ہوئی ہے، نے دورانِ تفتیش بتایا کہ اس نے اپنے ہی بچوں کو کھیل کے بہانے باری باری قتل کیا۔ ابتدائی بیان میں انکشاف ہوا کہ ملزمہ نے پہلے ڈیڑھ سالہ بچی کو بیڈ پر قتل کیا، بعد ازاں بیٹے کو کمرے میں لے جا کر اس کی شہ رگ کاٹ دی، جبکہ سب سے آخر میں بڑی بیٹی کو بھی قتل کر دیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واردات کے بعد ملزمہ نے کپڑے تبدیل کیے، گھر کو تالا لگایا اور موقع سے فرار ہوگئی۔ جائے وقوعہ سے دو چھریاں صوفے کے قریب سے برآمد ہوئی ہیں جنہیں فرانزک کے لیے بھجوا دیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق کیس کی مزید تفتیش کے لیے معاملہ سی سی ڈی (Crime Control Department) کے حوالے کر دیا گیا ہے تاکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا سکے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ سے مزید پوچھ گچھ جاری ہے اور جلد ہی واقعے کی مکمل وجوہات سامنے لائی جائیں گی۔

مزید خبریں