منگل,  08 اکتوبر 2024ء
فتح ” غلامی نامنظور “کے نام سے منسوب،جلد فیصلہ کرینگے کہ کس پارٹی میں شامل ہونا ہے: بیرسٹر گوہر خان کا اہم بیا ن سامنے آگیا

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز)پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ وہ تحریک انصاف کی اس جیت کا سہرا غلامی نامنظورکے نام کرتے ہیں۔

جلد فیصلہ کریں گے کہ کس پارٹی میں شامل ہونا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ جس کے پاس 50 سیٹوں کی اکثریت نہیں ہے وہ حکومت بنانے کا بیان دے دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کی جمہوریت کا اہم ترین دن ہے، ہم تین اسمبلیاں ختم کرکے نئے انتخابات کی طرف بڑھے۔

بیرسٹر گوہر خان کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کی مداخلت سے الیکشن 8 فروری کو کرانے کا فیصلہ ہوا، الیکشن کمیشن کی ذمہ داری تھی کہ وہ 2 بجے تک نتائج دے، 10 بجے تک نتائج کا عمل مکمل ہونا چاہیے تھا۔

’’قومی اسمبلی میں 170 نشستوں کی برتری حاصل ہو چکی ہے‘‘
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ قانون کے مطابق فارم 47 بنتے وقت امیدوار یا نمائندہ موجود ہوگا، دانستہ طور پر ہماری جیتی ہوئی سیٹوں پر شکست دینے کی کوشش کی گئی، تحریک انصاف کو قومی اسمبلی میں 170 نشستوں کی برتری حاصل ہو چکی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کے قومی اسمبلی کی 45 میں سے 39 نشستیں ہم جیت چکے ہیں، کے پی اسمبلی میں ہمیں دو تہائی اکثریت حاصل ہو چکی ہے، دو دن میں مشاورت سے کے پی کے وزیرِ اعلیٰ کا فیصلہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بھی تحریک انصاف حکومت بنائے گی، 135 سیٹوں کے قریب ہم پنجاب میں نشستیں حاصل کر رہے ہیں، پاکستان کے اداروں سے گزارش ہے کہ یہ عوام کی آواز ہے، سب سے درخواست ہے کہ عوام کے مینڈیٹ کو تسلیم کیا جائے۔
نتائج کا جلد از جلد اعلان کیا جائے: بیرسٹر گوہر خان
بیرسٹر گوہر خان کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس فارم 45 آچکے ہیں، مطالبہ ہے کہ فارم 45 کے مطابق نتائج کا جلد از جلد اعلان کیا جائے، جن حلقوں میں نتائج روکے گئے ہیں وہاں کل پُرامن احتجاج کریں گے، کارکنوں سے گزارش ہے کہ احتجاج حق ہے لیکن یہ پُرامن ہونا چاہیے، آج رات 12 بجے تک نتائج کا اعلان نہیں ہوتا تو کل احتجاج کریں گے، نتائج کا اعلان نہ ہوا تو کل آر او دفاتر کے سامنے احتجاج ہو گا، پی ٹی آئی کے کارکن پُرامن احتجاج کریں، ہاتھوں میں صرف پاکستان کا جھنڈا ہونا چاہیے۔ 
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہمیں اکثریت حاصل ہے صدر ہمیں ہی حکومت بنانے کی دعوت دیں گے، ہمارا کسی سے جھگڑا نہیں، مستقبل کی طرف بڑھنا چاہتے ہیں، ہم آئین اور قانون کے مطابق آگے بڑھیں گے اور حکومت بنائیں گے، عوام نے آزادانہ طور پر ووٹ کا استعمال کیا، پریزائیڈنگ افسران نے ووٹ گن کر فارم 45 بنایا، ہمارے پاس تمام فارم 45  آچکے ہیں۔
’’ہم اپنی آزاد حکومت بنائیں گے‘‘
انہوں نے کہا کہ عوام کی آواز کو دبانا اور اپنی مرضی کی حکومت بنانا اکانومی برداشت نہیں کر سکے گی، پاکستان تحریک انصاف کے لیے کوئی رکاوٹ حائل نہ کی جائے اور رزلٹ جلد سے جلد جاری کیا جائے، ہمارے پاس تمام رزلٹ آ چکے ہیں، محمود خان اچکزئی سے ہم نے ابھی تک رابطہ نہیں کیا، ہمارے جو آزاد امیدوار ہیں وہ ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں، ہمارے امیدوار پارٹی کے وفادار ہیں اور پارٹی کے ساتھ رہیں گے۔
بیرسٹر گوہر خان کا کہنا ہے کہ ہم اپنی آزاد حکومت بنائیں گے، 15 دن کے اندر پراسس مکمل کر کے انٹرا پارٹی کی طرف جائیں گے، عوام نے تحریک انصاف کو بڑا مینڈیٹ دیا ہے، تحریک انصاف کے مینڈیٹ کا احترام لازمی ہے، ہم سیاسی لوگ ہیں ہم سیاسی فیصلہ کریں گے، بانی پی ٹی آئی پر سارے کیسز جعلی ہیں۔

مزید خبریں