وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ استعفیٰ دے دوں گا مگر دباؤ میں نہیں آؤں گا، فیڈرل بورڈ ریونیو (ایف بی آر) میں اصلاحات کا عمل جاری رہے گا۔وزیراعظم شہبازشریف فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ہیڈکوارٹر پہنچے اور یادگار شہداء پرپھول رکھے اورفاتحہ خوانی کی۔وزیراعظم کو ایف بی آر میں جاری اصلاحات پر بریفنگ دی گئی اور طویل مدتی ڈیجیٹائزیشن حکمت عملی سے آگاہ کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان کسٹمز کی تمام سروسزکی جدید تقاضوں کےمطابق ڈیجیٹائزیشن جاری ہے۔
وزیراعظم کو ایف بی آرتاجر دوست موبائل ایپلی کیشن کے پہلے مرحلے کی تکمیل پربھی بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ گھربیٹھے ٹیکس نظام میں رجسٹریشن، ٹیکس جمع کرانے تک تمام عمل کی سہولت دی گئی ہے، ٹیکس دینے کی صلاحیت رکھنے والے49 لاکھ افراد کی نشاندہی کی گئی ہے۔وزیر اعظم نے ٹیکس بیس بڑھانے اور نشاندہی شدہ افراد کو فوری ٹیکس نیٹ میں لانے کی ہدایت کی، اس کے علاوہ شہباز شریف نے چیئر مین ایف بی آر کو ہدایت کی کہ فلور ملز مالکان سے ملیں اور ان کے تمام جائز مسائل حل کریں۔انہوں نے کہا کہ ایف بی آر ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، ایف بی آر کی آٹومیشن اور ڈیجیٹائزیشن حکومت کی اولین ترجیح ہے۔