اتوار,  28 اپریل 2024ء
وزیر اعظم سے آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے وفد کی ملاقات

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے وفد نے ملاقات کی۔

وفد میں ناز آفرین سہگل، سرمد علی، مجیب الرحمٰن شامی، شہاب زبیری، محمد اطہر قاضی، سید منیر جیلانی ، محسن بلال، مہتاب خان اور فیصل زاہد ملک شامل تھے۔

ملاقات میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران موجود تھے۔

مزیدپڑھیں:سلامتی کونسل میں غزہ جنگ بندی کیلئے قرارداد منظور

وفد نے منصب سنبھالنے پر وزیراعظم کو مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے اے پی این ایس کی نو منتخب پینل کو مبارکباد دی اور  نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ بہت مشکل حالات میں ملک کی باگ ڈور سنبھالی ہے، معیشت کی بحالی ہمارا سب سے بڑا چیلنج اور حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیراعظم نے وفد کو حکومت کی معیشت کی بحالی کی کوششوں اور حکمت عملی سے آگاہ کیا

وزیر اعظم شہباز شریف نے وفد کو بتایا کہ محصولات کی وصولی کے نظام کو جدید بنانے کے حوالے سے لائحہء عمل تیار کیا جا رہا ہے، فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی مکمل ڈیجیٹائزیشن کی جا رہی ہے اور ٹیکس بیس میں اضافے کے لیے کام کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2 ہزار ارب روپوں سے زائد کے محصولات کے مقدمات عدالتوں اور ٹریبیونلز میں زیر التواء ہیں۔

حال ہی میں حکومت نے ٹیکس ایکسی لینس ایوارڈز کا انعقاد کیا جن کا مقصد اچھے ٹیکس دہندگان ، برآمد کنندگان اور خواتین اینٹرپرئنیورز کی حوصلہ افزائی تھی۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اربوں روپے کی بجلی چوری ہو رہی ہے جس کی روک تھام کے لیے ہول آف دی گورنمنٹ اپروچ اپنائی جا رہی ہے۔

انہوں نے وفد کو بتایا کہ حکومتی ملکیتی اداروں کی نجکاری، ادارہ جاتی اصلاحات ، اندرونی و بیرونی سرمایہ کاری اور کفایت شعاری حکومتی ترجیحات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی سطح پر اخراجات میں کمی کے لئے کمیٹی بنادی گئی ہے جو جلد اپنی سفارشات پیش کرے گی۔

وزیر اعظم نے وفد سے کہا کہ پریس یقینی طور پر ریاست کا چوتھا ستون ہے، معاشرے کی تعمیر و ترقی اور عوام کی ذہنی اور فکری تربیت میں  پریس کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گڈ گورننس یقینی بنانے اور عوام کو آگاہی کی فراہمی میں میڈیا کا کلیدی کردار ہے، آج کے ڈیجیٹل دور میں بھی پرنٹ میڈیا کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔

ایس آئی ایف سی کے تحت معاشی استحکام کے ثمرات عوام تک پہنچانے میں میڈیا اہم کردار ادا کرسکتا ہے، اور فیک نیوز بہت بڑا چیلنج بن چکی ہے جس کے تدارک کے لیے حکومت اور میڈیا کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت پریس کی آزادی پر یقین رکھتی ہے اور اس حوالے سے ہر ممکن اقدامات بھی اٹھا رہی ہے، ہم امید کرتے ہیں کہ صحافی برادری زمہدارانہ اور غیر جانبدارانہ رپورٹنگ کے ذریعے جمہوریت کے استحکام میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

مزیدپڑھیں:گیارہ پی ٹی آئی عہدیدار عمران خان سے ملنے اڈیالہ جیل پہنچ گئے

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ صحافی برادری پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے کوششوں میں حکومت کا ساتھ دے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے وفد کو صحافی برادری کو درپیش تمام مشکلات حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

مزید خبریں

FOLLOW US

Copyright © 2024 Roshan Pakistan News