اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) یورپ میں میٹا اور رے بن کے اسمارٹ گلاسز کے ذریعے خواتین کی خفیہ ویڈیو بنانے اور نجی زندگی میں مداخلت کے واقعات پر شدید ردعمل اور پابندی کے مطالبات سامنے آرہے ہیں۔
سال 2025 میں متعارف کرائے گئے ان اسمارٹ گلاسز کے غلط استعمال کے سبب ان پر پابندی کا مطالبہ زور پکڑتا جارہا ہے، برطانیہ اور آئرلینڈ میں ہزاروں افراد نے پٹیشن پر دستخط کردیے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق یورپ بھر میں کیمرا اور مصنوعی ذہانت سے لیس اسمارٹ گلاسز کے ممکنہ غلط استعمال اور شہریوں کی پرائیویسی متاثر ہونے کے خدشات کے باعث ان آلات کے خلاف ضابطہ کاری کے مطالبات میں تیزی آگئی ہے۔
خواتین اور لڑکیوں کی مبینہ طور پر خفیہ ویڈیوز بنانے کے واقعات کے بعد برطانیہ سمیت مختلف یورپی ممالک میں اسمارٹ گلاسز کے استعمال اور ان کی نگرانی سے متعلق بحث شدت اختیار کرگئی ہے۔
اسکولوں میں اسمارٹ گلاسز پر پابندی
اسمارٹ گلاسز کے بڑھتے ہوئے غلط استعمال پر ردعمل دیتے ہوئے ناروے انتظامیہ نے اسکولوں میں ان آلات کو لانے پر پابندی عائد کردی ہے جبکہ حکومت چہرے کی شناخت کی خصوصیات کے استعمال پر مزید وسیع پابندیوں کے امکان کا بھی جائزہ لے رہی ہے۔
اسمارٹ گلاسز عام چشموں کی طرح دکھائی دیتے ہیں لیکن ان میں کیمرا، ویڈیو ریکارڈنگ اور مصنوعی ذہانت سے متعلق مختلف خصوصیات موجود ہوتی ہیں، یہی ٹیکنالوجی اب پرائیویسی اور رضامندی سے متعلق نئے سوالات کو جنم دے رہی ہے۔
برطانیہ میں پابندی کا مطالبہ
برطانیہ اور آئرلینڈ میں ’اسٹاپ اسمارٹ گلاسز‘ کے نام سے شروع کی گئی پٹیشن پر 9 ہزار 100 سے زائد افراد دستخط کرچکے ہیں۔ پٹیشن کے منتظمین نے بنیادی طور پر نگرانی، خفیہ ریکارڈنگ اور لوگوں کی رضامندی کے بغیر ان کی ویڈیوز بنائے جانے کے خدشات کو بنیاد بنایا ہے۔
ایک واقعے میں 17 سالہ لڑکی نے نیوز چینل کو بتایا کہ ایک شخص نے اس سے گفتگو کے دوران اسمارٹ گلاسز کے ذریعے مبینہ طور پر اس کی ویڈیو خفیہ طور پر ریکارڈ کی۔
گولڈن پامز گوادر‘‘ کے متاثرین کا 22 سال سے ڈوبی ہوئی رقوم واپس دلانے کا مطالبہ
خواتین اور لڑکیوں کی خفیہ ویڈیوز بنائے جانے کی اطلاعات سامنے آنے کے بعد برطانیہ میں اسمارٹ گلاسز کی فروخت پر پابندی کے مطالبات بھی زور پکڑ گئے ہیں۔
اسمارٹ گلاسز کی مقبولیت
رپورٹ کے مطابق اسمارٹ گلاسز کی مقبولیت میں حالیہ عرصے کے دوران نمایاں اضافہ ہوا ہے، میٹا نے معروف چشمہ ساز کمپنی ایسیلور لکسوٹیکا کے ساتھ مل کر رے بین برانڈ کے اسمارٹ گلاسز تیار کیے ہیں، جن کے ذریعے صارفین تصاویر بنانے، ویڈیو ریکارڈ کرنے اور اے آئی اسسٹنٹ سے بات چیت کرنے سمیت مختلف کام انجام دے سکتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق میٹا نے 2025 میں ان اسمارٹ گلاسز کے تقریباً 70 لاکھ جوڑے فروخت کیے تھے، جبکہ 2023 اور 2024 کے دوران مجموعی طور پر تقریباً 20 لاکھ جوڑے فروخت ہوئے تھے، اس طرح گزشتہ سال اس ٹیکنالوجی کی طلب میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔
گوگل اور اسنیپ سمیت دیگر ٹیکنالوجی کمپنیاں بھی مصنوعی ذہانت سے لیس اسی نوعیت کے آلات تیار کررہی ہیں، جس سے مستقبل میں اسمارٹ گلاسز کے عام استعمال میں مزید اضافہ متوقع ہے۔










