اتوار,  01 نومبر 2026ء
بلوم برج اسلام آباد کے زیر اہتمام ’’کڈز فن فیسٹا‘‘ کا انعقاد، بچوں اور والدین کی بھرپور شرکت

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) بلوم برج – انسٹی ٹیوٹ آف اسپیشل نیڈز اینڈ انکلوسِو ایجوکیشن، بی-17 اسلام آباد کے زیر اہتمام آج ’’کڈز فن فیسٹا‘‘ کے عنوان سے ایک خصوصی تفریحی اور سماجی آگاہی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں بچوں اور والدین کو شرکت کی عام دعوت دی گئی تھی۔ تقریب کی تشہیر سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع ابلاغ کے ذریعے کی گئی، جس کا مقصد خاندانوں کو ایک صحت مند، خوشگوار اور مثبت تفریحی ماحول فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ بچوں کی نشوونما اور خصوصی ضروریات کے حوالے سے معاشرتی آگاہی کو فروغ دینا تھا۔ تقریب میں بچوں اور اہلِ خانہ کی دلچسپی کے لیے مختلف سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا، جن میں کھانے پینے کے متنوع اسٹالز، جمپنگ کیسل اور میجک شو خصوصی توجہ کا مرکز رہے۔ بچوں نے تفریحی سرگرمیوں میں بھرپور دلچسپی لی جبکہ والدین کو ایک دوسرے سے ملاقات اور ادارے کی خدمات کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کا موقع بھی ملا۔ کڈز فن فیسٹا کے انعقاد کا ایک اہم مقصد آٹزم (Autism)، اے ڈی ایچ ڈی (ADHD)، ڈسلیکسیا (Dyslexia) اور بچوں کی دیگر نشوونمائی و تعلیمی ضروریات کے بارے میں والدین اور معاشرے میں آگاہی پیدا کرنا بھی ہے۔ بلوم برج کا مؤقف ہے کہ ہر بچے میں سیکھنے، آگے بڑھنے اور اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کی استعداد موجود ہوتی ہے، تاہم بعض بچوں کو اپنی انفرادی ضروریات کے مطابق اضافی توجہ، معاونت اور سازگار ماحول درکار ہوتا ہے۔بلوم برج خصوصی ضروریات کے حامل بچوں کی معاونت، انکلوسِو ایجوکیشن، ڈے کیئر، ریڈی ٹو اسکول اور اسکرین فری زون جیسے منصوبوں کے ذریعے بچوں کی جسمانی، ذہنی، تعلیمی اور سماجی نشوونما کے لیے کام کر رہا ہے۔ ادارے کا بنیادی تصور ایک ایسے معاشرے کی تشکیل میں معاونت کرنا ہے جہاں ہر بچے کو اس کی انفرادی صلاحیتوں اور ضروریات کے مطابق آگے بڑھنے کے مواقع میسر ہوں۔ادارے کی انتظامیہ کے مطابق کڈز فن فیسٹا محض ایک تفریحی تقریب نہیں بلکہ خاندانوں کو ایک مثبت سماجی پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے اور بچوں کی بہتر تربیت، صحت مند سرگرمیوں اور خصوصی بچوں کی شمولیت کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کی ایک کاوش ہے.بلوم برج انتظامیہ نے تقریب میں شرکت کرنے والے والدین، بچوں، اسٹال ہولڈرز اور تمام معاونین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی اس نوعیت کی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ بچوں اور خاندانوں کو مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ایک زیادہ حساس، باشعور اور جامع معاشرے کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کیا جا سکے۔

مزید خبریں