پیر,  12 اکتوبر 2026ء
اسلام آباد: گولڈ میڈلسٹ لائبہ اعجاز کیس میں اہم پیشرفت، گرفتار ملزم نعمان کا فراڈ کا اعتراف

اسلام آباد(کرائم رپورٹر)  گولڈ میڈلسٹ طالبہ لائبہ اعجاز کی مبینہ خودکشی کے معاملے میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں گرفتار ملزم نعمان نے مبینہ طور پر طالبہ کے ساتھ دھوکہ دہی اور فراڈ کرنے کا اعتراف کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق تفتیش کے دوران ملزم نے فراڈ کے طریقۂ کار سے متعلق اہم انکشافات بھی کیے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ لائبہ اعجاز کا ملزم نعمان سے رابطہ رواں سال فروری میں اپنی دوست عائزہ کے ذریعے ہوا تھا۔ لائبہ نے عائزہ کے ساتھ مل کر آن لائن ٹک شاپ کا کاروبار بھی شروع کیا، تاہم یہ منصوبہ کامیاب نہ ہوسکا۔

اطلاعات کے مطابق لائبہ نے اپنی دوست عائزہ سے امریکا کا ویزا حاصل کرنے کے حوالے سے بات کی تھی، کیونکہ عائزہ کا ایک بھائی امریکا میں مقیم ہے۔ الزام ہے کہ ملزم نعمان نے اسی معاملے کو استعمال کرتے ہوئے لائبہ کو دھوکہ دیا۔

ایف بی آئی پر سائبر حملے سے کھلبلی مچ گئی: نوعمر ہیکر گرفتار

ذرائع کے مطابق ملزم نے مبینہ طور پر دوسرے موبائل نمبر سے عائزہ بن کر لائبہ سے رابطہ کیا، جبکہ عائزہ کے بھائی اظہر کے نام سے ایک جعلی جی میل اکاؤنٹ بھی بنایا۔ بتایا جاتا ہے کہ ملزم ان جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے طالبہ سے رابطے میں رہا اور اسے ویزے کے حصول کے حوالے سے دھوکے میں رکھا۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق ملزم نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے لائبہ کے اسٹوڈنٹ ویزے سے متعلق جعلی دستاویزات بھی تیار کیں۔ پولیس نے ملزم اور طالبہ کے درمیان ہونے والی گفتگو کا کچھ حصہ حاصل کرلیا ہے، جبکہ مزید شواہد اکٹھے کرنے کے لیے ملزم کا موبائل فون فرانزک تجزیے کے لیے لیبارٹری بھجوا دیا گیا ہے۔

پولیس کی جانب سے کیس کے مختلف پہلوؤں کی مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ مبینہ فراڈ کے طریقۂ کار، اس میں استعمال ہونے والے ڈیجیٹل ذرائع اور واقعے سے متعلق دیگر حقائق کا تعین کیا جاسکے۔

واضح رہے کہ یہ تفصیلات ابتدائی تفتیشی معلومات اور ذرائع سے منسوب ہیں۔ ملزم کے خلاف الزامات اور اعترافِ جرم کی قانونی حیثیت کا تعین متعلقہ عدالتی کارروائی اور شواہد کی بنیاد پر ہوگا۔

مزید خبریں