اتوار,  11 اکتوبر 2026ء
یارکشائر وائلڈ لائف پارک میں ٹائیگر کے حملے سے شخص ہلاک، عملے کی جان بچانے کی کوششیں ناکام

لندن(روشن پاکستان نیوز) برطانیہ کے یارکشائر وائلڈ لائف پارک میں ایک افسوسناک واقعے کے دوران ٹائیگر کے پنجرے میں داخل ہونے والا شخص حملے میں ہلاک ہوگیا۔ واقعہ ڈونکاسٹر کے قریب واقع وائلڈ لائف پارک میں پیش آیا، جہاں اطلاع ملنے پر پولیس، ایمبولینس اور دیگر امدادی ٹیمیں فوری طور پر پہنچ گئیں۔

برطانوی میڈیا کے مطابق سائبیرین ٹائیگر ’’التائی‘‘ نے پنجرے میں داخل ہونے والے شخص پر حملہ کیا۔ پارک کے عملے نے گیس سے چلنے والی صوتی بندوقوں کے ذریعے ٹائیگر کو پیچھے ہٹایا اور بعد ازاں اسے محفوظ مقام پر منتقل کرکے قابو کرلیا، تاہم طبی عملے کی کوششوں کے باوجود شخص کو بچایا نہ جا سکا۔

برطانیہ میں تاریخ رقم: پارلیمنٹ کی نشست پر باحجاب صومالیہ نژاد ساگل عبدی ولی منتخب

عینی شاہدین کے مطابق واقعے سے کچھ دیر قبل مذکورہ شخص ٹائیگر کو دیکھ رہا تھا اور اس نے پس منظر میں ٹائیگر کے ساتھ تصویر بھی بنوائی تھی۔ اطلاعات کے مطابق بعض افراد نے اسے پنجرے میں داخل ہونے سے روکنے کی کوشش بھی کی، تاہم وہ اندر جانے میں کامیاب ہوگیا۔ حکام نے تاحال ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت اور پنجرے میں داخل ہونے کی وجوہات ظاہر نہیں کیں۔

پولیس کے مطابق واقعے کے بعد پارک کو خالی کرا لیا گیا اور تحقیقات شروع کردی گئیں۔ حکام نے تصدیق کی کہ ٹائیگر محفوظ ہے اور اسے ہلاک کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں۔ انتظامیہ نے واقعے کی تحقیقات میں متعلقہ اداروں سے تعاون جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر نہ کریں۔

مزید خبریں