منگل,  08  ستمبر 2026ء
گرجا موڑ سیف سٹی کیمرے شہریوں کو تشدد سے نہ بچا سکے، پولیس تاخیر سے پہنچی

حافظ آباد(شوکت علی وٹو) مین بازار کے چاندی کے تاجر اور صرافہ ایسوسی ایشن حافظ آباد کے صدر ذیشان عرف ٹینو کو مبینہ طور پر صلح کے بہانے گرجا موڑ بلا کر متعدد افراد نے شدید تشدد کا نشانہ بنا دیا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق مین بازار میں معمولی لڑائی کے بعد ذیشان عرف ٹینو کو صلح کے لیے گرجا موڑ بلایا گیا، جہاں مبینہ طور پر پہلے سے موجود افراد نے ان پر حملہ کردیا۔ تشدد کرنے والوں میں پیرا فورس کا ایک اہلکار بھی شامل بتایا جاتا ہے، جبکہ متاثرہ فریق کا دعویٰ ہے کہ مبینہ ملزمان اس سے قبل بھی تشدد کے مختلف واقعات میں ملوث رہے ہیں۔

شدید زخمی ذیشان کو قانونی میڈیکل کے لیے ٹراما سنٹر حافظ آباد منتقل کیا گیا، جہاں الزام ہے کہ ملزمان نے مبینہ طور پر اسلحے کے زور پر ایمرجنسی میں بھی ان پر دوبارہ تشدد کیا۔ ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے 15 پر اطلاع دی گئی، جس کے بعد تھانہ صدر حافظ آباد پولیس موقع پر پہنچی، تاہم پولیس کے پہنچنے سے قبل مبینہ ملزمان فرار ہوگئے۔

متاثرہ ذیشان عرف ٹینو گزشتہ دو روز سے ٹراما سنٹر حافظ آباد میں زیر علاج ہیں۔ متاثرہ فریق کے مطابق دونوں واقعات کی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی موجود ہیں جبکہ قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ تھانوں میں درخواستیں جمع کرا دی گئی ہیں۔

تاہم، تاحال نہ تو مبینہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے اور نہ ہی ان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔ واقعے پر صرافہ ایسوسی ایشن حافظ آباد نے ڈی پی او حافظ آباد سے فوری نوٹس لینے اور ملزمان کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

نوٹ: خبر میں بیان کردہ الزامات متاثرہ فریق کے مؤقف پر مبنی ہیں، جبکہ پولیس کا مؤقف سامنے آنے پر اسے بھی شامل کیا جانا چاہیے۔

مزید خبریں