پشاور (روشن پاکستان نیوز) خیبرپختونخوا میں بارش اور استعمال شدہ پانی بچانے کا بڑا منصوبہ تیار کرلیا گیا ، جس کے تحت کار واش اسٹیشنز اور گھریلو استعمال کے پانی کو ری سائیکل کر کے دوبارہ قابلِ استعمال بنایا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں زیرِ زمین پانی کی کم ہوتی سطح کو بہتر بنانے اور پانی کے ضیاع کو روکنے کے لیے ایک جامع اور بڑا منصوبہ تیار کر لیا۔
اس منصوبے کے تحت کار واش اسٹیشنز اور گھریلو استعمال کے پانی کو ری سائیکل کر کے دوبارہ قابلِ استعمال بنایا جائے گا۔
نئے ترقیاتی منصوبوں میں بارش کا پانی ذخیرہ کرنے کا نظام قائم کرنا لازمی قرار دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پشاور: سٹریٹ کرائم میں ملوث 2 ملزمان گرفتار، موبائل فونز اور نقدی برآمد
دستاویزات میں کہا گیا کہ صوبے میں اب تک 45 لاکھ لیٹر سے زائد بارش کا پانی زیرِ زمین کامیابی سے ری چارج کیا جا چکا ہے۔
صوبے کے 37 اضلاع سے بارش کا پانی ذخیرہ کرنے کے لیے سائٹس کا ڈیٹا حاصل کر لیا گیا ہے اور زیرِ زمین پانی کی سطح بہتر بنانے کے لیے کل 62 مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے۔
نشاندہی کیے گئے 62 میں سے 54 منصوبے مکمل کر لیے گئے ہیں جبکہ 4 سائٹس پر کام تیزی سے جاری ہے۔
بارش کا پانی براہِ راست زیرِ زمین پہنچانے کے لیے کل 52 ری چارج ویلز قائم کیے گئے ہیں، جن میں سے 49 ویلز کو مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس منصوبے سے نہ صرف زیرِ زمین پانی کی سطح میں بہتری آئے گی بلکہ مستقبل میں پانی کی ممکنہ قلت سے نمٹنے میں بھی بڑی مدد ملے گی۔











