اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم نے مینز جونیئر ایشیا کپ 2026 کے پول بی کے اہم میچ میں ملائیشیا کو 2-5 سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ پاکستان ایونٹ میں ناقابلِ شکست رہتے ہوئے تیسری کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔
میچ کے 9ویں منٹ میں ملائیشیا کے محمد صالح نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی، تاہم پاکستان نے دوسرے ہاف میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔
پاکستان کی جانب سے گولز کا سلسلہ 32ویں منٹ میں ندیم خان کے شاندار گول سے شروع ہوا، جس سے مقابلہ 1-1 سے برابر ہوگیا۔ 36ویں منٹ میں عبداللہ سمیع رانا نے گول کرکے پاکستان کو 1-2 کی برتری دلا دی۔
پاکستان کے ولید رانا نے 39ویں اور 40ویں منٹ میں مسلسل دو گول کرکے ٹیم کی برتری مزید مستحکم کردی، جبکہ 41ویں منٹ میں علی حمزہ نے پاکستان کا پانچواں گول داغ کر اسکور 1-5 کردیا۔
ملائیشیا نے 54ویں منٹ میں گناسیلن دھیرش کے ذریعے دوسرا گول کیا، تاہم پاکستان نے میچ کے اختتام تک اپنی برتری برقرار رکھتے ہوئے مقابلہ 2-5 سے اپنے نام کرلیا۔
علی حمزہ کو شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے شاندار فتح پر جونیئر ٹیم اور مینجمنٹ کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ قومی ٹیم آئندہ میچز میں بھی اسی کارکردگی اور تسلسل کو برقرار رکھے گی۔











