گورنمنٹ مڈل اسکول گانکرہ کی نئی عمارت کا افتتاح، عوامی حلقوں میں خوشی کی لہر

گانکرہ(روشن پاکستان نیوز)  گورنمنٹ مڈل اسکول گانکرہ کی نئی عمارت کے افتتاح اور اسکول کی اپگریڈیشن کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں علاقے کی معروف سماجی و تعلیمی شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر مدرس ریٹائرڈ سردار نسیم خان نے کہا کہ ہم وزیر تعمیرات عامہ سردار ضیاء القمر کے بے حد شکر گزار ہیں جنہوں نے اس پرائمری اسکول کو مڈل کا درجہ دے کر علاقے کے بچوں کے لیے بہتر تعلیمی سہولیات کی راہ ہموار کی۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے طلبہ کو معیاری تعلیم کے زیادہ مواقع میسر آئیں گے اور علاقے میں تعلیمی ترقی کو فروغ ملے گا۔

انہوں نے ڈپٹی کمشنر محمود عالم اور ان کی پوری ٹیم کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اپنی مدد آپ کے تحت اسکول کی تعمیر ایک قابلِ ستائش اور مثالی اقدام ہے۔ سردار نسیم خان نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر محمود عالم نے علاقے میں تعمیر و ترقی کے متعدد منصوبے شروع کیے ہیں اور عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ علاقائی ترقی اور خوشحالی کے لیے نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے ڈپٹی کمشنر محمود عالم کی سماجی خدمات اور ترقیاتی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات علاقے کے روشن مستقبل اور نئی نسل کی بہتری کی ضمانت ہیں۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء نے اسکول کی اپگریڈیشن اور نئی عمارت کی تکمیل کو علاقے کے لیے خوش آئند قرار دیا۔

مزید خبریں