بدھ,  11 نومبر 2026ء
جدہ میں پاکستانی ستاروں کی دھوم، میوزیکل شو میں شائقین کے بھنگڑے

جدہ(روشن پاکستان نیوز) سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ میں پاکبان اور گلوری ایونٹ اینڈ پی آر کے زیرِ اہتمام ’پاکستانی اسٹارز لائیو اِن سعودی عرب‘ کے عنوان سے شاندار میوزیکل شو کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستانی فنکاروں کی پرفارمنس نے شائقین کے دل جیت لیے۔

رنگا رنگ تقریب میں معروف سرائیکی گلوکار ذیشان روکھڑی اور پاکستان کی معروف پاپ و فوک گلوکارہ حمیرا ارشد نے اپنے مقبول گیتوں سے محفل کو چار چاند لگا دیے۔ دونوں فنکاروں کی شاندار پرفارمنس پر حاضرین جھوم اٹھے جبکہ نوجوانوں اور فیملیز نے موسیقی کی دھنوں پر بھنگڑے ڈال کر تقریب کو یادگار بنا دیا۔

شو کے دوران ہال تالیوں، نعروں اور خوشیوں سے گونجتا رہا۔ ذیشان روکھڑی کے سرائیکی گیتوں اور حمیرا ارشد کے مقبول نغموں نے حاضرین کو خوب محظوظ کیا۔

تقریب میں راجہ حمزہ، زوہیب اظہر، حرا خالد، سہیل ہاشمی اور سعد رپیر نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔

شو کے آرگنائزر عمران صدیقی نے کہا کہ اس میوزیکل ٹور کے انعقاد کا مقصد سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو ان کے پسندیدہ فنکاروں سے روبرو کروانا اور معیاری خاندانی تفریح فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے ثقافتی اور تفریحی پروگرام بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی ثقافت، موسیقی اور مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

مزید خبریں