منگل,  10 نومبر 2026ء
چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ کے پانچویں یونٹ (سی فائیو) کے گنبد کی کامیاب تنصیب، پاکستان کا ایک اور اہم سنگِ میل

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پاکستان اٹامک انرجی کمیشن (پی اے ای سی) نے چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ میں چشمہ فائیو (سی فائیو) کے گنبد کی کامیاب تنصیب کے ساتھ ایک اہم سنگِ میل حاصل کر لیا۔

اس موقع پر منعقدہ تقریب میں وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جبکہ چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چینی حکام اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران اور نمائندگان بھی تقریب میں شریک ہوئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان اور چین کے انجینئرز، تکنیکی ماہرین اور کارکنوں کی محنت اور لگن کو سراہا، جنہوں نے مقررہ مدت سے کافی پہلے تعمیراتی کام کا اہم مرحلہ کامیابی سے مکمل کیا۔
وزیراعظم نے صاف توانائی کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ سی فائیو منصوبہ پاکستان میں صاف اور ماحول دوست، کاربن کے اخراج سے پاک بجلی کی پیداوار کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
انہوں نے چینی شراکت داروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آج کی تقریب پاکستان اور چین کی ہر موسم میں قائم رہنے والی دوستی اور اقتصادی، دفاعی اور ترقیاتی شعبوں میں اسٹریٹجک تعاون کو مزید وسعت دینے کے غیر متزلزل عزم کا اظہار ہے۔

وزیراعظم نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط، توانائی کے شعبے میں خود کفیل اور ماحولیاتی لحاظ سے ذمہ دار ملک بنانے کے لیے اپنے وسائل اور انسانی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کرنا ہوگا۔

تقریب سے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان اٹامک انرجی کمیشن نے کہا کہ پاکستان کی توانائی ضروریات اور تحفظ میں جوہری توانائی اہم کردار ادا کر رہی ہے، جو قابلِ اعتماد اور کم کاربن اخراج والی بجلی فراہم کر رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے جوہری بجلی گھر محفوظ اور مؤثر انداز میں مجموعی طور پر 3 ہزار 530 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں، جس سے سالانہ تقریباً ڈیڑھ کروڑ ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج سے بچنے میں مدد مل رہی ہے۔
چیئرمین پی اے ای سی کے مطابق ملک کی مجموعی نصب شدہ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت میں جوہری توانائی کا حصہ صرف 8.6 فیصد ہے، تاہم بجلی کی مجموعی پیداوار میں اس کا حصہ تقریباً 16.6 فیصد ہے، جبکہ سردیوں کے موسم میں یہ شرح بڑھ کر 26 فیصد تک پہنچ جاتی ہے۔

چشمہ فائیو نیوکلیئر پاور پلانٹ کی پیداواری صلاحیت 1200 میگاواٹ ہوگی، جبکہ اس منصوبے سے ستمبر 2030 میں بجلی کی پیداوار شروع ہونے کی توقع ہے۔

مزید خبریں