منگل,  10 نومبر 2026ء
انسٹاگرام : بچوں کی عمرچھپانا ناممکن، میٹا کی نئی ٹیکنالوجی متعارف

کیلیفورنیا(روشن پاکستان نیوز) میٹا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام استعمال کرنے والے بچوں کے لیے نئی اے آئی ٹیکنالوجی متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انسٹاگرام پر بچوں کی عمر چھپانا اب آسان نہیں رہا، اگر تاریخ پیدائش غلط لکھی تو میٹا کی متعارف کردہ نئی اے آئی ٹیکنالوجی سے پکڑے جائیں گے۔

میٹا نے صارفین کی حقیقی عمر کا اندازہ لگانے والی مصنوعی ذہانت (اے آئی) ٹیکنالوجی کو دنیا بھر میں وسعت دینے کا اعلان کردیا ہے، جس کے تحت تاریخ پیدائش غلط درج کرکے خود کو بالغ ظاہر کرنے والے نوجوانوں کی بھی شناخت کی جاسکے گی۔

میٹا کی جانب سے جاری کردہ پوسٹ کے مطابق اس اقدام کا بنیادی مقصد بچوں اور نوجوانوں کو ان کی عمر کے مطابق مواد فراہم کرنا اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ان کے تحفظ کو مزید مؤثر بنانا ہے۔

کمپنی نے یہ ٹیکنالوجی ابتدائی طور پر اپریل 2025 میں متعارف کرائی تھی، جس کے ذریعے مصنوعی ذہانت کی مدد سے انسٹاگرام صارفین کی عمر کا تعین کیا جاتا ہے۔ اس نظام کی خاص بات یہ ہے کہ یہ صرف صارف کی جانب سے درج کردہ تاریخ پیدائش پر انحصار نہیں کرتا بلکہ دیگر دستیاب معلومات کی بنیاد پر بھی عمر کا اندازہ لگانے کی کوشش کرتا ہے۔

انسٹاگرام کا نیا فیچر، ایپ کھولتے ہی ریلز فیڈ دکھانے کی آزمائش شروع

اس طرح اگر کوئی کم عمر صارف اپنی اصل عمر چھپا کر اکاؤنٹ میں خود کو 18 سال یا اس سے زائد عمر کا ظاہر کرے تو اے آئی سسٹم اس کی عمر کا دوبارہ جائزہ لے سکتا ہے۔ ایسے صارفین جن کی عمر 18 سال سے کم پائی جائے گی، انہیں خودکار طور پر انسٹاگرام کے خصوصی ٹین اکاؤنٹس میں منتقل کیا جاسکے گا۔

واضح رہے کہ میٹا نے ستمبر 2024 میں 13 سے 17 سال کے نوجوانوں کے لیے ٹین اکاؤنٹس متعارف کرائے تھے۔ ان اکاؤنٹس میں کم عمر صارفین کے تحفظ کے لیے متعدد پابندیاں اور حفاظتی سہولیات شامل ہیں، جن کے تحت نامناسب مواد تک رسائی محدود کرنے، غیر ضروری رابطوں کو روکنے اور ایپ کے استعمال کے وقت کو کنٹرول کرنے جیسے اقدامات کیے گئے ہیں۔

میٹا کے مطابق اس ٹیکنالوجی کو اب عالمی سطح پر وسعت دی جارہی ہے۔ ابتدائی مرحلے میں امریکا میں والدین کو انسٹاگرام فیڈ پر خصوصی ویڈیو کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا کہ پلیٹ فارم پر نوعمر صارفین کی شناخت اور ان کے لیے عمر کے مطابق حفاظتی اقدامات کس طرح کام کرتے ہیں۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ بچوں اور نوجوانوں کو سوشل میڈیا پر محفوظ ڈیجیٹل ماحول فراہم کرنا اس کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے لیے مصنوعی ذہانت سمیت جدید ٹیکنالوجی کا استعمال مزید بڑھایا جائے گا۔

مزید خبریں