اسلام آباد(محب) وزیراعظم شہباز شریف نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور وفاقی حکومت و خیبرپختونخوا حکومت کے درمیان جاری کشیدگی ختم کرنے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
جے یو آئی کے ترجمان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان گفتگو میں خیبرپختونخوا حکومت اور وفاق کے مابین تناؤ ختم کرنے کے لیے بات چیت ہوئی۔
ترجمان نے بتایا کہ مولانا فضل الرحمان پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت سے بھی مسلسل رابطے میں ہیں اور ملک میں جاری سیاسی کشیدگی کے خاتمے کے لیے پی ٹی آئی رہنماؤں کو اعتماد میں لے چکے ہیں۔
خیبرپختونخوا میں گورنر راج نہیں، ایمرجنسی کا آپشن زیر غور ہے: طارق فضل چوہدری
ترجمان جے یو آئی کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان کو ملاقات کے لیے مدعو کیا ہے، جبکہ دونوں رہنماؤں کے درمیان جلد ملاقات متوقع ہے۔
ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال، حکومت اور اپوزیشن کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور وفاق و خیبرپختونخوا حکومت کے مابین اختلافات کے خاتمے سے متعلق امور زیر بحث آنے کا امکان ہے۔











